رفح میں بڑھتی اسرائیلی فوجی سرگرمیوں پر گوتیرش کو تشویش

یو این بدھ 15 مئی 2024 01:15

رفح میں بڑھتی اسرائیلی فوجی سرگرمیوں پر گوتیرش کو تشویش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 15 مئی 2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں اسرائیلی فوج کی عسکری سرگرمیوں میں اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ رفح شہر اور گردونواح میں اسرائیل کی کارروائیوں سے انسانی امداد کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔

دوران جنگ شہریوں کو تحفظ حاصل ہونا چاہیے لیکن آج غزہ میں ان کے لیے کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں رہی جبکہ حماس کی جانب سے بھی اسرائیل پر اندھا دھند راکٹ حملے کیے جا رہے ہیں۔

Tweet URL

انہوں نے رفح کی سرحد فوری طور پر کھولنے اور وہاں سے غزہ بھر میں انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

پناہ گزینوں کی مشکلات

نیویارک میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے خاندان جن جگہوں کا رخ کر رہے ہیں وہاں پناہ گاہوں، بیت الخلا اور پانی سمیت کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ اگر امدادی سامان اور ایندھن غزہ میں نہیں پہنچتا تو ان جگہوں کو رہنے کے قابل بنانا ممکن نہیں ہو گا۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) نے بتایا ہے کہ رفح سے اب تک 450,000 افراد نقل مکانی کر گئے ہیں۔ یہ لوگ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے اور ریت کے ٹیلوں سمیت جہاں جگہ ملے پناہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امدادی ٹرکوں پر حملے

عدم تحفظ اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود غزہ میں لوگوں کو امداد پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ خان یونس کے نصر میڈیکل کمپلیکس میں طبی خدمات کی بحالی کا کام جاری ہے اور متوقع طور پر یہ ہسپتال آئندہ دنوں دوبارہ فعال ہو جائے گا۔

اس ہسپتال میں گزشتہ ہفتے ایسے مریضوں کے گردوں کی صفائی کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے جو رفح کے النجار ہسپتال میں طبی خدمات کی فراہمی بند ہونے کے بعد یہاں لائے گئے ہیں۔

'اوچا' نے بتایا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں نے غزہ کی جانب جانے والے امدادی ٹرکوں پر حملے کیے ہیں۔ حملہ آوروں نے ترکومیہ چیک پوسٹ کے قریب قافلے پر دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی۔ حملے میں متعدد ٹرکوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

بچوں کے تحفظ کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے کہا ہے کہ اس وقت رفح سمیت غزہ بھر میں جاری جنگ نے ہزاروں نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں کی تکالیف میں اضافہ کر دیا ہے۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے ادارے کی ریجنل ڈائریکٹر آڈیل خودر کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی تکالیف کو ایسی جنگ میں ہونے والا اتفاقی نقصان سمجھنا درست نہیں جو انہوں نے خود منتخب نہیں کی۔

انہوں نے سرحدی راستے فوری کھولنے اور انسانی امداد کی محفوظ ترسیل یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری جنرل کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے میں ناکامی کی صورت میں غزہ کے لوگوں کو درپیش المناک حالات مزید بدترین صورت اختیار کر جائیں گے۔