سیریز فریڈم ایٹ مڈ نائٹ کے اداکاروں کے متعلق تفصیلات شیئر

مشہور آر جے ملیشکا مینڈونسا حریت پسند سروجنی نائیڈو کا کردار نبھائیں گی ،راجیش کمار پاکستان کے سابق وزیر اعظم لیاقت علی خان کے کردار میں نظر آئیں گے،فلم سازنکھل ایڈوانی

بدھ 15 مئی 2024 12:35

سیریز فریڈم ایٹ مڈ نائٹ کے اداکاروں کے متعلق تفصیلات شیئر
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) مداحوں کی بیتابی کو دیکھتے ہوئے فلم ساز نکھل ایڈوانی نے اپنے آنے والی سیریز فریڈم ایٹ مڈ نائٹ کے اداکاروں کے متعلق تفصیلات شیئر کردیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انھوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مشہور آر جے ملیشکا مینڈونسا حریت پسند سروجنی نائیڈو کا کردار نبھائیں گی جبکہ اس شو میں راجیش کمار پاکستان کے سابق وزیر اعظم لیاقت علی خان کے کردار میں نظر آئیں گے۔

اداکار کے سی شنکر سیریز میں وی پی مینن کا کردار ادا کریں گے جو کہ منسٹری آف اسٹیٹس میں سیکریٹری تھے جسے حکومت ہند نے 1947میں ریاستوں کے الحاق سے نمٹنے کے لیے قائم کیا تھا۔نکھل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ فریڈم ایٹ مڈ نائٹ ممتاز شخصیات کی کہانیوں کی عکاسی کرے گا جو دیکھنے والوں کو ان کی جدوجہد، کامیابیوں اور قربانیوں کے بارے میں باریکی سے آگاہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ کاوش سنہا، ان کی ٹیم اور ڈائریکشن ٹیم نے اس شو کے لیے تصاویر اور آرٹیکلز کے ذریعے تاریخی معلومات اکھٹی کیں۔سروجنی نائیڈو کے طور پر اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے ملیشکا نے کہاکہ میں سیریز میں ہندوستان کی آواز بننے والی سروجنی کے کردار کی تصویر کشی کرنے میں واقعی فخر محسوس کر رہی ہوں۔راجیش کمار نے کہا کہ لیاقت علی خان کے کردار میں ڈوبنا میرے کیریئر کا ایک اہم لمحہ رہا ہے۔

ان کی زندگی پر مکمل تحقیق اور انکی سیاسی مہارت کے تفصیلی مطالعہ کے ذریعے، میں اس شخصیت کو اسکرین پر مستند طور پر پیش کرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ مذکورہ سیریز کی کہانی مصنف ڈومینیک لیپیئر اور لیری کولنز کی تصنیف کردہ مشہور کتاب فریڈم ایٹ مڈ نائٹ سے ماخوذ ہے۔اسے ایمے انٹرٹینمنٹ (مونیشا اڈوانی اور مدھو بھوجانی)نے اسٹوڈیو نیکسٹ اور سونی ایل آئی وی کے اشتراک سے تیار کیا ہے جبکہ اسکی ہدایت کاری نکھل ایڈوانی نے کی ہے۔