کار سرکار میں مداخلت :وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں مزید3 یوم کی توسیع

بدھ 15 مئی 2024 22:43

کار سرکار میں مداخلت :وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی فیصل رشید نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے استقبال کے لئے موٹر وے چوک بلاک کرکے کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ میں نامزدوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں مزید3یوم کی توسیع کر دی ہے عدالت نے مقدمہ کی کاروائی ملزم کی جانب سے حاضری استثنیٰ کی درخواست پر ملتوی کی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر علی امین گنڈا پور کے وکیل ملک محمدفیصل ایڈووکیٹ نے عدالت میں دی گئی تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور سرکاری مصروفیات کی وجہ سے عدالت حاضر ہونے سے قاصر ہیں جس وجہ سے حاضری معافی مقصود ہے عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت18مئی تک ملتوی کر دی یاد رہے کہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے گزشتہ سال19مارچ کو تعزیرات پاکستان کی دفعات188، 341، 148، 149اور186کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ 18مارچ کو تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیشی کے موقع پر پنجاب حکومت نے امن و امان کے خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر رکھی تھی اس دوران تحریک انصاف کے مقامی قائدین غلام سرور خان، عارف عباسی، واثق قیوم عباسی، عمر تنویر بٹ، فیاض الحسن چوہان، چوہدری افضل پڑیال، عمار صدیق خان، راجہ بشارت، چوہدری جاوید کوثر، فرخ محمود سیال، علی امین گنڈاپور اور سیمابیہ طاہرڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح 150/200کارکنان کے ہمراہ سابق چیئرمین کے استقبال کے لئے موٹر وے ٹول پلازہ پر جمع ہو گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کر دی روڈ کو بلاک کر دیا اور خلاف قانون مجمع کی شکل اختیار کر لی جن کو دفعہ 144کے نفاذ سے متعلق بتایا اور روڈ بلاک کرنے سے منع کیا لیکن وہ مشتعل ہو گئے اور کار سرکار میں مداخلت شروع کر دی اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کافی دیر روڈ بلاک رکھا عدالت نے اس مقدمہ میں 16اپریل کو50ہزار روپے کے مچلکوں اور ایک شورٹی بانڈ پر علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔