رویہ ٹھیک نہ کیا تو اٹھا کر پنجاب میں پھینک دیں گے

خیبرپختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں گورنر کے لئے مختص بلاک ختم کردیا گیا ہے، ترجمان خیبرپختونخواہ حکومت کو گورنر فیصل کریم کنڈی کو پیغام

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 مئی 2024 01:02

رویہ ٹھیک نہ کیا تو اٹھا کر پنجاب میں پھینک دیں گے
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2024ء) ترجمان خیبرپختونخواہ حکومت نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو کہا ہے کہ رویہ ٹھیک نہ کیا تو اٹھا کر پنجاب میں پھینک دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختو نخوا ہاؤس اسلام آباد میں گورنر کے لئے مختص بلاک ختم کردیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ خیبر پختونخوا کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا کیونکہ خیبر پختونخوا کابینہ میں وزراء اور ممبران اسمبلی کے لئے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا اور گورنر انیکسی فی الحال وزراء اور ممبران صوبائی اسمبلی استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے لیے خیبرپختونخوا ہاؤس میں متبادل رہائشی بندوبست کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے گورنر فی الحال سندھ ہاؤس میں قیام کا بندوست کریں۔

مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ گورنر دل نہ ہاریں سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی ایم پی ایز کی طرح خیبرپختو خوا ہاؤس میں انکا داخلہ بند نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ گورنر کے اسلام آباد میں کئی گھر ہیں ان کے لئے اسلام آباد میں رہائش کی کوئی کمی نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کے پی ہائوس میں گورنر کا سامان تھا ہی نہیں۔

اپنے ایک بیان میں فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ گورنر کے پی دو نمبر طریقے سے فارم 47 کے ذریعے آئے ہیں، فارم 47 والے اسمبلی پہنچے ہیں اسی طرح یہ گورنر کے پی بنے ہیں۔فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ وہ جگہ واپس لی جائے، گورنر خیبرپختونخوا کی وہ جگہ نہیں تھی، وہ جگہ وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ کی ہے۔صحافی نے فیصل امین گنڈاپور سے سوال کیا کہ کیا گورنر کے پی کی تنخواہ اور تیل بھی ختم کریں گے۔فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر گورنر کا رویہ ٹھیک نہ ہوا تو وہ بھی دیکھیں گے۔