قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے معصوم لائبہ زیادتی کا نشانہ بنی، قیس منصور شیخ

حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے، مظلوموں کو فوری انصاف ملنا چاہیے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 مئی 2024 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) انسان دوست پارٹی کے بانی وسربراہ قیس منصور شیخ نے کہا ہے کہ اورنگی ٹائون میں 7 سالہ معصوم بچی لائبہ کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ زنا بالجبر ہو یا زنا بالرضی دونوں سے متعلق قوانین میں سخت سزائیں موجود ہیں لیکن ماضی میں ان سزائوں پر عملدرآمد کیا جاتا تو آج لائبہ سے ساتھ اس طرح کا واقعہ رونما نہ ہوتا۔

اس امر کا اظہار انہوں نے جناح ہسپتال کراچی میں زیر علاج زیادتی کا شکار 7 سالہ معصوم بچی لائبہ کی عیادت کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ قیس منصور شیخ کا مزید کہنا تھا کہ معصوم لائبہ گھر سے باہر آئسکریم لینے گئی تھی کہ اس کے ساتھ زیادتی کا واقعہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

ستم ظریفی یہ کہ پاکستان چوک تھانے نے واقعے کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی اور المیہ یہ بھی ہے کہ عباسی شہید ہسپتال نے بھی بچی کو داخل کرنے سے منع کیا۔

جس کے بعد لائبہ کو جناح ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑرہا ہے کہ سندھ حکومت کا کوئی وزیر آج یہاں موجود ہونا چاہیے تھا۔ صوبائی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ مظلوم کو فوری اور ان کی دہلیز پر انصاف میسر آسکے۔