سندھ پبلک سروس کمیشن کا فل کمیشن اجلاس، ویٹنگ لسٹ جاری کرنے پر غور

جمعرات 16 مئی 2024 19:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) سندھ پبلک سروس کمیشن کے فل کمیشن اجلاس میں ویٹنگ لسٹ جاری کرنے پر غور کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کے تمام ممبران کا اجلاس کراچی ریجنل آفس میں ہوا، جس میں کمیشن نے ویٹنگ لسٹ کے معاملے پر غور کیا، جبکہ امیدواروں کی سہولت کے لیے نئے نظام کی منظوری دی گئی جس میں آن لائن چالان جمع کرانے کي سہولت اور کسی بھی پوسٹ کے لیے بغیر مطلوبہ تعلیم کے درخواست دینے والے امیدواروں کی آن لائن جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔

دوسری جانب ایس پی ایس سی نے متعلقہ محکموں کے زبانی امتحان کا شیڈول جاری کر دیا، محکمہ زراعت میں ایگریکلچر آفیسر بی پی ایس 17 کے تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز کل سے شروع ہو گئے ہیں، جبکہ پرچیز آفیسر بی پی ایس -16 کا زبانی امتحان 21 مئی کو ہوگا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء محکمہ داخلہ میں پراسیکیوٹنگ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس BPS-17 کے زبانی امتحان اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں انسپکٹر BPS-16 اور سب انسپکٹر BPS-14 کے جسمانی امتحان کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں انفارمیشن آفیسر BPS-17 ، محکمہ تعلیم میں ہیڈ ماسٹر، ہیڈ مسٹریس BPS-17، محکمہ بہبود آبادی ميں اسسٹنٹ ڈائریکٹر BPS-17، سپیشل ایجوکیشن ٹیچر BPS-17، آرکیٹیکچرل اسسٹنٹ BPS-17 ان ورکس اینڈ سروس ، محکمہ سياحت وثقافت اسسٹنٹ کنٹرولر BPS-اورانسپکٹر کلچر BPS-16، اسسٹنٹ ڈائریکٹر BPS-17 محکمہ برائے خواتین بہبود اور مختلف محکموں میں زبانی امتحان کے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ محکموں میں ایس پی ایس ایس کی جانب سے جاری کردہ زبانی امتحان کے حوالے سے تمام تقاضے بشمول مرد و خواتین اور سندھ میں شہری اور دیہی کوٹے سمیت آئینی تقاضوں پرمکمل عمل درآمد کیا جائيگا ۔ جبکہ معذور کوٹہ کی مخصوص نشستوں پر تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے بھی زبانی امتحان لیا جائے گا، جس کے بعد تمام کامیاب امیدواروں کی فہرست ایس پی ایس کی ویب سائٹ پر جاری کر دی جائے گی۔