جی بی سکاٹ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کو سیکیورٹی فراہم کرے گا،معاہدے پر دستخط

جمعرات 16 مئی 2024 20:45

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) جی بی سکاٹ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کو سیکیورٹی فراہم کرے گا -اپنی افرادی قوت کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)نے دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ (DBDP) کو جامع سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے گلگت بلتستان اسکاٹس کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدہ کیا ہے۔گوادر پرو مطابق اس سلسلے میں، واپڈا/ڈی بی ڈی پی اور جی بی سکاٹس کے درمیان اس منصوبے کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

گوادر پرو کے مطابق ایم او یو پر واپڈا کی جانب سے ڈی بی ڈی پی کے جنرل منیجر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر نزاکت حسین اور جی بی اسکاٹس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر ارسلان اسرار مرزا نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق مئی 2022 میں، واپڈا نے پاور چائنہ ڈبلیو ایف او جوائنٹ وینچر (JV) کے ساتھ ڈی بی ڈی پی کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے میں ڈائیورژن سسٹم، مین ڈیم، ایکسیس پل اور 21 میگاواٹ تانگیر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر شامل ہے۔

یہ منصوبہ، جو 2028-29 میں مکمل ہونا ہے، اس کی1.23 ملین ایکڑ اضافی اراضی کو سیراب کرنے کے لیے مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 8.1 ایم اے ایف ہوگی۔ واپڈا کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، 4,500 میگاواٹ کی نصب شدہ بجلی کی پیداواری صلاحیت کے ساتھ، یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو سالانہ 18 بلین یونٹس سے زیادہ فراہم کرے گا۔