Live Updates

وزیر اعلی مریم نواز کاپھول نگرکا دورہ، آر ایچ سی کا افتتاح، ٹیکنیکل کالج،400ارب روپے کسان پیکیج کا اعلان

جمعرات 16 مئی 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پھول نگر رورل ہیلتھ سنٹر ری ویمپنگ پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔وزیر اعلی مریم نواز کو مراکز صحت کی ری ویمپنگ پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پھولنگر رورل ہیلتھ سنٹر میں ماہانہ تقریبا 10ہزار مریض علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں اور رورل ہیلتھ سنٹر کو بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا۔

وزیر اعلی مریم نواز نے افتتاح کے بعد رورل ہیلتھ سنٹر کا دورہ کیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے استقبالیہ کائونٹر پر ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پرچی کے اجرا کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلی نے فارمیسی، ڈاکٹر آفس، ایمرجنسی وارڈ،ڈینٹل روم،لیبارٹری،میڈیسن سٹور اور ایکسرے روم کا بھی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی مریم نواز نے وویمن میڈیکل افسر، فی میل وارڈ،نرسری اورآپریشن تھیٹر کا بھی جائزہ لیا۔

ویل وویمن وارڈ،نرسنگ سٹیشن،ای پی آئی اور سکریننگ روم کا معائنہ بھی کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے ڈاکٹروں اور عملے سے بات چیت کی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں مجھے بہت سارے نوجوان بچیاں اور خواتین نظر آرہی ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ پھول نگر جیسی جگہ پر اتنی بڑی تعداد میں یہ بچیاں آئی ہیں۔300 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 2500 بیسک ہیلتھ یونٹس میں جدید سہولیات لا رہے ہیں۔

میری حکومت کو ابھی 2 ماہ ہوئے ہیں،دو مہینے میں تو لوگ ابھی وعدے کر رہے ہوتے ہیں۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ گواہ رہنا دو مہینے کے اندر مریم نواز نے آپ کے لئے نیا ہسپتال کھڑا کر دیا۔انشا اللہ آئندہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو تبدیل کر کے رکھ دیں گے۔جہاں پر ڈاکٹرز کی کمی ہے،وہاں ڈاکٹرز کو بھیج رہے ہیں،جہاں پر نرسز کی کمی ہے وہاں پر نرسز کو بھیج رہے ہیں۔

ہسپتالوں میں دل کے امراض کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کنٹینرز میں فیلڈ ہاسپٹل بنا کر پنجاب کے تمام شہروں میں بھیج دیے ہیں۔کنٹینر میں پورا ہاسپٹل بنایا گیا ہے،جو آپ کی گھر کی دہلیز پر چل کر آئے گا اور علاج کرے گا۔200 کلینک آن ویلز آپ کی دہلیز پر آپ کا علاج کرے گا۔کل صرف ایک دن میں 30 ہزار لوگوں کا کلینک آن ویلز میں علاج ہوا۔

نواز شریف کا وعدہ تھا کہ اقتدار میں آ کر لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کروں گا۔ نواز شریف نے کہا کہ لوگوں کے لیے مہنگائی کم کروں گا۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ روٹی کی قیمت20 روپے سے کم ہوکر 15 روپے پر آگئی ہے۔اللہ کا فضل دیکھو دو مہینے کے اندر روٹی کی قیمت کتنی نیچے آگئی ہے۔صوبے میں کوئی گندم کا بحران نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ چار ماہ میں کسان کے لیے 400 ارب روپے کا پیکیج لارہے ہیں۔

آئندہ فصل پر کسان خوشحال ہوجائے گا۔ایک فصل کی کاشت کے لیے کسان کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیں گے۔کسان کو آڑھتی اور مڈل مین کے ہاتھوں ذلیل و خوار نہیں ہونے دیں گے۔کسان ڈیڑھ لاکھ روپے سے کھاد،بیج اور زرعی ادویات خرید سکے گا۔کسان کومہنگے سود پر قرضہ نہیں لینا پڑے گا۔جو پیکیج ہم لارہے ہیں، پنجاب کی تاریخ میں اتنا بڑا کسان پیکیج نہیں آیا۔کسان کو آسان شرائط پر جدید زرعی مشینری دی جائے گی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ صبح 7 سے رات 12 بجے تک صحت اور تعلیم کے منصوبوں کے لئے کام کرتی ہوں۔ وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پھول نگر میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر کی جارہی ہے اور ٹیکنیکل کالج بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں غریب کا بچہ بھی اسی طرح پڑھے جس طرح امیر کا بچہ پڑھتا ہے۔غریب کو بھی وہی علاج کی سہولیات ملیں جو ایک امیر کو پرائیویٹ ہسپتال میں ملتی ہیں۔

پنجاب کی590 سڑکوں کو ٹھیک کرنے کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام شروع کردیاہے۔جب بھی نواز شریف کی حکومت آتی ہے خدمت اور ترقی کا سفر شروع ہوتا ہے۔ یہاں پر ایک ایسے انسان کی حکومت تھی جو کہتا تھا میں آلو،پیاز کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا۔بطور وزیراعلی عوام کی روٹی، پیاز،سبزی میری ذمہ داری ہے۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ جب میری حکومت آئی تو پیاز 300 روپے کلوتھا، آج 100 روپے سے کم پر فروخت ہو رہا ہے۔

نواز شریف کا عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آگے بڑھ رہی ہوں۔اس موقع پر سینیٹرپرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نزیر، صہیب احمد بھرتھ، رانا سکندر حیات،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹریزاور دیگر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات