کراچی میں منشیات کے کاروبار میں ملوث ایک ہی خاندان کے پانچ افراد گرفتار

جمعرات 16 مئی 2024 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ(ایس آئی یو) ایک ہی خاندان کے5 افراد سمیت7 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 7 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی۔ ایس ایس پی ایس آئی یو عدیل چانڈیو نے جمعرات کے روز بتا یا کہ ایس آئی یو نے مگسی گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے کاروبار میں ملوث ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو گرفتار کر کے ان سے 5.5 کلو گرام چرس برآمد کر لی جن کی شناخت خدا بخش، عبدالغفور، عاصمہ، گل بانو اور نور صبا کے نام سے ہوئی ہے۔

گرفتار افراد بین الصوبائی منشیات کے اسمگلر ہیں جو خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان سے منشیات خرید کر کراچی کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان عبدالغفور اور خدا بخش منشیات لاتے تھے اور خاندان کی خواتین انہیں شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتی تھیں۔

(جاری ہے)

ایک اور کارروائی میں،ایس آئی یو نے بریگیڈ کے علاقے سے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2.410 کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔

گرفتار ملزمان میں وقاص انور اور گل حمید سامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ 6 سال سے منشیات کے کاروبار میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزم گل حمید اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے 7 مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ تمام گرفتار افراد کے خلاف ایس آئی یو تھانے میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔