پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس

جمعرات 16 مئی 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ ( نواز )کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے حکومتی معاشی پالیسیوں، بیرونی سرمایہ کاری اور سیاسی صورتحال پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی قیادت میں ملکی معاشی استحکام کیلئے اقدامات اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ اگر یونہی محنت جاری رکھی تو پاکستان کے معاشی حالات انشاء اللہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچائیں۔ وزیراعظم نے وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی کی اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔\932