ملک کو مسلح افواج نے متحد رکھا ہوا ہے، مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات حل کئے جانے چاہئیں، سید مصطفےٰ کمال

جمعرات 16 مئی 2024 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنونیئر سید مصطفےٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک کو مسلح افواج نے متحد رکھا ہوا ہے، پاکستان کے دشمن پاکستان میں انتشار چاہتے ہیں، اقامہ رکھنے پر ایک منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو محمد امین الحق، صادق افتخار و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفےٰ کمال نے کہا کہ اداروں کے درمیان کسی قسم کی چپقلش ہو تو کوئی بھی پاکستانی اور سیاستدان لاتعلق نہیں رہ سکتا، مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات حل کئے جانے چاہئیں۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان کے دشمن انتشار چاہتے ہیں، اس ملک کو مسلح افواج نے متحد رکھا ہوا ہے، ان کی قربانیوں سے انکار ممکن نہیں ہے۔