سپراسٹارخانز میں سے سب سے زیادہ سلمان خان پسند ہیں،کرن رائو

جمعہ 17 مئی 2024 12:34

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) ہدایتکارہ کرن راؤ کو اداکاری میں اپنے سابقہ شوہر عامر خان سے بھی زیادہ سلمان خان پسند ہیں۔کرن راؤ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں بالی ووڈ کے سپر اسٹار خانز میں سے سب سے زیادہ سلمان خان پسند ہیں۔ ہدایتکارہ کے انٹرویو کا یہ کلپ ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ شاہ رخ خان ہمیشہ یہ کہتے ہیں کہ انکی اہلیہ کے انڈسٹری میں سب سے پسندیدہ خان عامر ہے، آپ کیلیے انڈسٹری کے پسندیدہ خان کونسے ہیں جس پر کرن نے فوراً جواب دیا، سلمان خان۔

انٹرویو کے دوران عامر خان کرن راؤ کے برابر میں ہی بیٹھے تھے جنہوں نے کرن سے سلمان خان کی مداح ہونے کی وجہ بھی پوچھ لی۔عامر خان کے ’کیوں‘ کہنے پر کرن راؤ نے جواب دیا کہ انکی فلمیں دیکھ کر انجوائے کرتی ہوں، میں نے انکی ساری فلمیں تو نہیں دیکھیں لیکن جب وہ اسکرین پر آتے ہیں تو میں انکو دیکھنا چاہتی ہوں۔

(جاری ہے)

کرن راؤ نے کہا کہ وہ بہت پرکشش ہیں، تو وہ مجھے انٹرٹین کرتے ہیں، میں نے بلاشبہ انکی فلم دبنگ دیکھی اور نو انٹری میں انہوں نے بہت اچھا کام کیا تھا۔ اس پر عامر خان بولے کہ دبنگ میں واقعی انہوں نے بہترین کام کیا تھا۔ واضح رہے کہ سلمان خان نے حال ہی میں کرن راؤ کی فلم لاپتہ لیڈیز کو عمدہ فلم قرار دیتے ہوئے اس سے متعلق مثبت رائے دی تھی۔