پٹرول وآٹے کی قیمت میں کمی کے باوجود منافع خورقیمت کم نہیں کررہے۔ محمد حسین محنتی

جمعہ 17 مئی 2024 20:31

پٹرول وآٹے کی قیمت میں کمی کے باوجود منافع خورقیمت کم نہیں کررہے۔ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی کی عمرہ کی سعادت و ترکی کے دورے سے واپسی پر نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے صدر اور چیئرمین یونین کونسل سید شہزاد مظہر ،نائب صدر ارشد قریشی ، محسن وہرہ و عابد سہگل نے ان کے دفتر قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کی۔ کنزیومر مومینٹ کے وفد نے امیر صوبہ کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کی پریشانی اور پٹرول و گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود مافایاز و منافعہ خوروں کا عوام کو اس کا فائدہ نہ پہنچانے کی صورتحال سے آگاہ اور اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار اد کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیٹرول ڈیزل و آٹے کی قیمتوں کا فائدہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں روٹی ،بیکری ائٹم سمیت دیگر اشیائ کی قیمتوں میں کمی کرکے اس کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہیے۔

(جاری ہے)

یہ حکومت اور مقامی انتظامیہ کی ائینی و اخلاقی ذمے داری ہے۔ مگر بدقسمتی سے انتظامیہ کی غفلت اور فارم 47 کی پیداوار نااہل حکومت کی وجہ سے پٹرول ، ڈیزل اور آٹے کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں کوئی فرق نہیں پڑا ہے حالانکہ جب بھی حکومت پیٹرول کی قیمت بڑھاتی ہے تو منافع خور ہر چیز کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کردیتے ہیں اب جبکہ حکومت نے متذکرہ چیزوں میں قابل ذکر کمی کی ہے تو روٹی و ٹرانسپورٹ مافیا قیمتیں کم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

جب تک محکمہ پرائس کنٹرول و فوڈ ڈپارٹمنٹ فعال کردار ادا نہیں کریں گے سندھ حکومت قیمتوں میں استحکام نہیں کرسکتی۔ حکومت صرف کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز پر انحصار کرتی ہے جبکہ حکومت سندھ کے پاس ہر سطح پر بلدیاتی نمائندے موجود ہیں جو پورے صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر مہنگائی کو قابو کرنے میں سنجیدہ ہے تو منتخب نمائندوں کو پرائس کنٹرول کی ذمیداری کیلیے بروئے کار لایا جائے اور یونین کونسل کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ٹریڈ لائسنس کی وصولی ٹائون انتظامیہ سے یوسی انتظامیہ کے سپرد کی جائے۔ صوبائی امیر نے نیشنل کنزیومر مومینٹ کے وفد کو اپنے تعاون کی یقین دہانی اور ان کی صارفین کے حقوق کے لیے کاوشوں کو سراہا۔#