آئی جی پنجاب نے سی آئی اے لاہور اور شیخوپورہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازا

جمعہ 17 مئی 2024 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈکیتی، قتل، بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین مقدمات کامیابی سے ٹریس آؤٹ کرنے پر سی آئی اے لاہور اور شیخوپورہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم کا قلع قمع کرنے والے بہادر افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فرض شناس اور بہادر جوانوں کی عزم و ہمت روشن مثال ہے، انکی حوصلہ افزائی سے پوری فورس میں بہتر کارکردگی کا جذبہ موجزن ہوگا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ جرائم کی سرکوبی کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنے والے افسران و اہلکار اصل ہیروز ہیں، تعریفی اسناد و انعامات شاندار کارکردگی کا نعم البدل نہیں، مقصد خدمات کو سراہنا ہے، آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی آئی اے لاہور کی 08 اور شیخوپورہ پولیس کی 10 ٹیموں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا، سی آئی اے لاہور کے انسپکٹر سید حسین حیدر، انسپکٹر چوہدری فیصل شریف، اے ایس آئی محمد آصف کی سربراہی میں ٹیموں نے سنگین جرائم کے کیسز کو کامیابی سے ورک آؤٹ کیا، بین الصوبائی منشیات گینگ، بھتہ خوری، ڈکیتی معہ قتل سمیت دیگر جرائم کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، شیخوپورہ پولیس کی ٹیموں نے دوران ڈکیتی گینگ ریپ، بدنام زمانہ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث مجرمان کا قلع قمع کیا۔

آئی جی پنجاب نے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی عزت افزائی کیلئے ہر سطح پر اقدامات جاری رہیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے ایس پی ڈسپلن ایس پیز اور سینئر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔