وادی کالام کے عمائدین کا بحرین سے کالام تک6 کلومیٹر روڈ کی عدم تعمیرکیخلاف سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

ایک ہفتے میں روڈپر تعمیراتی کام شروع نہ ہوا تو علاقے کے تمام ہوٹلزکوتالے لگاکر کالام روڈ کوبلاک کردیں گے ، مظاہرین

جمعہ 17 مئی 2024 21:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) سوات میں وادی کالام کے عمائدین نے بحرین سے کالام تک6 کلومیٹر روڈ کی عدم تعمیرکے خلاف سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اورحکومت کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ روڈپر تعمیراتی کام شروع نہ ہوا تو علاقے کے تمام ہوٹلزکوتالے لگاکر کالام روڈ کوبلاک کردیں گے اور سرکاری حکام کے کالام میں داخلے پر پابندی لگائی جائے گی۔

جمعہ کے روز کالام مٹلتان، اتروڑ، گبرال اورملحقہ علاقوں کے عمائدین نے پلے کارڈز اوربینرز اٹھائے جلوس کی شکل میں سوات پریس کلب پہنچ کر احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرے کے بعد سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالام ہوٹلزایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رحمت دین صدیقی، بلدیاتی نمائندے ملک غلام علی، سابق ناظم کالام ملک حسن زیب اور دیگرعمائدین علاقہ کاکہناتھا کہ 2010کے تباہ کن سیلاب میں کالام کا 33کلومیٹر روڈ بری طرح متاثر ہواتھا۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے کالام کا دیگر علاقوں کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور علاقے میں سیاحت ماند ہوکر لوگوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہواتھا۔ان کاکہناتھاکہ 2010 سے لے کر اب تک اس روڈ کی ازسر نو تعمیر کیلئے اربوں روپے کا فنڈ منظورہوچکا ہیاور کثیر رقم ریلیز بھی کی گئی ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اتنا لمبا عرصہ گزر جانے کے باوجود روڈ پر کام مکمل نہ ہوسکاہے۔

ان کاکہناتھا کہ روڈ کے ساتھ ساتھ متعدد رابطہ پل بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ جس کے باعث مقامی لوگوں کیعلاوہ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے اب تک کالام روڈ پر سو سے زیادہ ٹریفک حاثات رونما ہوچکے ہیں۔ جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع اورسیکڑوں گاڑیاں تباہ ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے لیکر وزیر اعلیٰ اور مختلف اداروں نے اس روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈ کی منظوری دی مگر اب تک نہ تو روڈ پر کام مکمل ہوسکا اور نہ ہی اس کیلئے منظور کردہ فنڈ کا کوئی پتہ چل سکا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر صوبائی حکومت اور دیگر حکام کالام روڈ پر جلد ازجلد کام شروع کراکر تکمیل تک پہنچائیں۔ بصورت دیگر ہم تمام ہوٹلزکو تالے لگاکر سڑکوں کو بند کرنے پر مجبورہوں گے اور حکومتی ذمہ داروں کے کالام میں داخلے پر پابندی لگائیں گے۔