عارضی کے ذریعے غزہ تک اولین امداد پہنچا دی گئی، امریکی فوج

مقصد جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے میں ہنگامی انسانی امداد بڑھانا ہے،بیان

ہفتہ 18 مئی 2024 15:37

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) امریکی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل غزہ میں ایک عارضی پشتے کے ذریعے شروع ہوئی جس کا مقصد جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے میں ہنگامی انسانی امداد بڑھانا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام)نے ایک بیان میں کہاکہ کوئی امریکی فوجی ساحل پر نہیں گیا۔

بیان میں کہا گیاکہ غزہ میں فلسطینی شہریوں کو سمندری راہداری کے ذریعے اضافی امداد پہنچانے کے لیے یہ ایک جاری، کثیر القومی کوشش ہے جو مکمل طور پر انسانی بنیادوں پر ہے۔ اس پشتے کو کامیابی سے لنگر انداز کیا گیا جس میں آئندہ دنوں میں تقریبا 500 ٹن امداد فلسطینی علاقے میں داخل ہونے کی امید ہے۔ سینٹ کام کی جاری کردہ تصاویر میں دکھایا گیا کہ قریبی اسرائیلی بندرگاہ اشدود میں انسانی امداد اٹھا کر ایک بجرے پر رکھی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی محاصرے نے 2.4 ملین لوگوں کے لیے خوراک کے ساتھ ساتھ صاف پانی، ادویات اور ایندھن کی شدید قلت پیدا کر دی ہے جس کے بعد فلسطینی علاقے کو قحط کا سامنا ہے۔گذشتہ ہفتے غزہ کی جانب واقع رفح گذرگاہ پر اسرائیلی افواج کے قبضے کے بعد سے کبھی کبھی آنے والے امدادی قافلوں کی آمد میں کمی آئی ہے۔اقوامِ متحدہ نے کہا کہ زمینی گذرگاہیں کھولنا اور مزید ٹرکوں کے قافلوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دینا ہی پھیلتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کا واحد راستہ ہے۔