Live Updates

ٴتحریک انصاف کا بانی کے خلاف ٹیریان کیس سماعت کیلئے مقرر کیے جانے پر شدید تشویش کااظہار

ہفتہ 18 مئی 2024 21:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف ٹیریان کیس ایک سال بعد سماعت کیلئے مقرر کیے جانے پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججوں کی طرف سے ناقابل سماعت قرار دیئے گئے معاملے کو سماعت کیلئے مقرر کرکے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف اپنا تعصب عیاں کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس بیہودہ مقدمے کی کارروائی کو نئے سرے سے آگے بڑھانے کی بجائے قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمے کو فی الفور خارج کیا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹیریان کیس کی ایک سال بعد نئے سرے سے سماعت پر تشویش کا اظہارکیا اور کہا کہ دو معزز جج صاحبان کی جانب سے ناقابلِ سماعت قرار دیے جانے والے کیس کو ایک سال بعد نئے سرے سے سماعت کیلئے مقرر کرنا عمران خان کو ناحق جیل میں رکھنے کے مذموم منصوبے کا شاخسانہ ہے، ترجمان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ، سائفر اور القادر ٹرسٹ سمیت تمام جھوٹے مقدمات میں مطلوبہ مقاصد کے حصول میں ناکامی کے بعد مخالفین ایک اور بیہودہ مقدمے سے امیدیں وابستہ کرنے جا رہے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط میں ٹیریان کیس میں اداروں کی واضح مداخلت اور ججز پر ڈالے جانے والے دباؤ کے متعدد واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے، ٹیریان کیس سمیت سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے تمام مقدمات میں مداخلت اور متعلقہ ججز پر دباؤ کے انکشاف کے بعد مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھانے کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز باقی نہیں، عدت اور ٹیریان جیسے بوگس اور بیہودہ مقدمات کا اندراج عمران خان کو ذاتی انتقام کی نشانہ بنانے والوں کی شکست اور اخلاقی پستی کی علامت ہے، ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان کے خلاف 200 کے قریب درج کیے گئے بھونڈے مقدمات کی طرح مذکورہ ٹیریان کیس کا مدعی بھی آج تک نامعلوم ہے مگر اسے ریاستی وکلاء کی خصوصی سرپرستی حاصل ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ٹیریان کیس میں اپنا فیصلہ سنانے کی بجائے سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دے کر ایک بار پھر عمران خان کے خلاف اپنا تعصب عیاں کر دیا، ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو ساتھی ججز کی جانب سے ناقابلِ سماعت قرار دیے جانے والے کیس میں بینچ کی تشکیل کا فیصلہ سراسرغیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہے، ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ اس بیہودہ مقدمے کی کارروائی کو نئے سرے سے آگے بڑھانے کی بجائے قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمے کو فی الفور خارج کیا جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات