گورنر پنجاب سے گورنر بلوچستان کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا

ہفتہ 18 مئی 2024 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے اپنے ہم منصب کو گورنر ہائوس لاہور میں خوش آمدید کہا اور گورنر بلوچستان کا منصب سنھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی مجموعی صورتحال سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ ملک میں استحکام کے لیے اتحادی حکومت کو مضبوط بنانا اور اس کا چلنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ(ن)کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کو ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے ایک پیج پر ہونا چاہیئے، یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ملک کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان رابطے بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کروں گا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی بہتری،ترقی اور امن و امان ترجیح ہے۔