قوم کے خون پسینے کی کمائی سے بیرون ممالک پراپرٹی بنانے والے کبھی وفادار نہیں ہوسکتے، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

ہفتہ 18 مئی 2024 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ دبئی لیکس نے کسی کو بھی نہیں چھوڑا ہے۔گزشتہ 2 برس میں اقتدار پر قابض مافیا نے ساڑھے تین ہزار ارب کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی ہے۔ قوم کے خون پسینے کی کمائی سے بیرون ممالک پراپرٹی بنانے والے ملک و قوم کے کبھی وفادار نہیں ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم یوتھ لیگ لاہور کی جانب سے نو منتخب جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی اور سابق جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ لاہور انجینئر حارث ڈار کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مسلم یوتھ لیگ لاہور کی جانب سے مہمانان کو پھولوں کے گلدستے اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا مزید گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ از خود نوٹس لیکر دبئی پراپرٹی سکینڈل اور گندم سکینڈل کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔

دبئی لیکس میں شامل افراد سے ذرائع آمدن پوچھے جائیں۔ گندم سکینڈل کے بعد دبئی پراپرٹی سکینڈل تشویش ناک ہے۔ پہلے گندم کے نام پر قیمتی زرمبادلہ باہر بھیجا گیا، اب یہ بیرون ملک جائیدادیں سامنے آئی ہیں جو نہایت شرمناک ہے۔