کراچی میںچائے کے ہوٹلوںکی رجسٹریشن کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، شکیل احمد بیگ

چیئرمین سی آرپی سی شکیل احمد بیگ کی ڈائریکٹر آپریشن فوڈ اتھارٹی وسیم راجہ سے ملاقات ، فوکل پرسن سارہ خالد چوہدری بھی موجود تھیں

اتوار 19 مئی 2024 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان کے چیئرمین شکیل احمد بیگ اور فوکل پرسن سی آر پی سی سارہ خالد چوہدری نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن کراچی وسیم راجہ و دیگر افسر سے ملاقات کی اس موقع پر چیئرمین کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان شکیل احمد بیگ نے سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شہر بھر میں چائے کے ہوٹلوں کو سندھ فوڈ اتھارٹی سے رجسٹر کرانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بے شمار چائے کے ہوٹلز ہیں رجسٹریشن ہونے سے چائے کے ہوٹلوں پر فروخت کی جانے والی چائے اور پراٹھے کی کوالٹی کو چیک کیا جاسکے گا، بالخصوص پراٹھے میں استعمال ہونے والا کوکنگ آئل یا گھی اس کا معیار حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بھی ہے یا نہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں چائے کے ہوٹلوں پر شہریوں کی کثیر تعداد بیٹھتی ہے اور اپنے دوست احباب کے ساتھ چائے اور پراٹھ کھاتی ہے اس لیئے چائے والے ہوٹلوں پر دودھ ، چائے والی پتی اور پراٹھے کے معیار کو چیک کرنا بہت ضروری ہے، کھانے پینے کی اشیاء کا صاف ستھرا ہونے بہت ضروری ہے اگر وہ صاف ستھری نہیں ہوں گی تو ان میں بے شمار جراثیم ہوں گے جو مختلف بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں، ابھی چند روز پہلے محکمہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں پیٹ کے امراض میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، سندھ فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت و تندرستی کے حوالے سے ہر زاویے سے جائزہ لیتے ہوئے اقدامات کررہی ہے ، اس موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن کراچی وسیم راجہ نے کہا کہ کسی بھی صورت حفظان صحت کے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ایسے لوگوں کو کاروبار کرنے دیا جائے گا جو انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہوں یا پھر غیر معیاری اشیاء شہریوں کو کھلا رہے ہیں ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی اغا فخر حسین کی جانب سے پورے محکمے کو سختی سے ہمیں ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کے مطابق غیر معیاری اشیاء یا ملاوٹ شدہ چیزیں فروخت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے ایسے لوگوں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے اور قانون کے مطابق کاروائی کی جائے، انہوںنے کہاکہ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی کے احکامات کے مطابق وہ کاروباری لوگ جنہوں نے ابھی تک اپنی دکانیں یا کاروبار کو رجسٹر نہیں کروایا وہ فوری طور پر سندھ فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ ہو جائیں اور اپنے کاروبار کو صاف ستھرا اور معیاری اور اتھارٹی کے سٹینڈرڈ کے مطابق چلائیں جو بھی شخص ، اشخاص یا غیر رجسٹرڈ ادارہ قانون کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔