ایرانی صدرابراہیم رائیسی کا ہیلی کاپٹرآذربائیجان اور ایران کی سرحد کے قریب جنگل میں حادثے کا شکار ہوگیا

صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان میں دوڈیموں قز قلعسی اور خداافرین کے افتتاح سے واپسی ایرانی شہر پر تبریز جا رہے تھے. ایرانی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 19 مئی 2024 19:47

ایرانی صدرابراہیم رائیسی کا ہیلی کاپٹرآذربائیجان اور ایران کی سرحد ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مئی۔2024 ) ایرانی صدرابراہیم رائیسی کا ہیلی کاپٹرآذربائیجان کی سرحد اور ایران کی سرحد کے قریب جنگل میں حادثے کا شکار ہوگیا ہے ایرانی سرکاری خبررساں ادارے”ارنا“کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان میں دوڈیموں قز قلعسی اور خداافرین کے افتتاح سے واپسی ایرانی شہر پر تبریز جا رہے تھے.

ایرانی حکام کا کہنا ہے شدید دھند اور موسم کی خرابی کی وجہ سے حادثے کے مقام پر ہیلی کاپٹرکو تلاش مشکل ہو رہی ہے ایران کے وزیرداخلہ کے مطابق ہیلی کاپٹرنے دونوں ملکوں کے سرحدی علاقے میں خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی ہے انہوں نے بتایاکہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پہاڑی اور جنگلاتی علاقے میں حد نگاہ صرف پانچ میٹر ہے . انہوں نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرمیں صدر ابراہیم رئیسی بھی سوار تھے کہ وزیر داخلہ نے کہا کہ مشکل موسم کی وجہ سے امدادی کارکن جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکل پیش آرہی ہے یہ علاقہ ایرانی شہر تبریز کے شمال میں تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

(جاری ہے)

ادھر تبریز شہر کے ایرانی رکن پارلیمنٹ احمد علی رضابیگی نے تہران میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ امدادی کارکنوں کو ابھی تک صدر کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی جگہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے.

انہوں نے بتایا کہ صدر کے قافلے میں شامل دیگر دو ہیلی کاپٹر بحفاظت اتر گئے ہیںایرانی کے سرکاری ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایرانی دارالحکومت تہران کے شمال مغرب میں تقریباً 600 کلومیٹر کے فاصلے پر آذربائیجان کی سرحد پر واقع شہر جولفا کے قریب پیش آیا ہے برطانوی نشریاتی ادارے” بی بی سی“ کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ امدادی تنظیموں اور رضاکار جائے حادثہ پر پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن سخت موسمی حالات اور دھند کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے علاقے میں ہوا کے ساتھ تیز بارش اور دھند کی اطلاع ملی ہے.

ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان تبریز کے امام جمعہ آیت اللہ آل ھاشم ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور دیگر کئی اعلی عہدیدار شامل ہیں ابھی تک حادثے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی بھی تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی روانگی سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے آذربائیجان کے صدرعلییف سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ لوگ ہمارا اکٹھا ہونا پسند نہیں کرتے ہمیں ان لوگوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا.