خیبرپختونخوا حکومت کا کرغزستان میں پھنسے طلبہ کیلئے مفت پروازوں کا اعلان

خصوصی پروازوں کے لیے 6 کروڑ روپے جاری کر دیئے، طالب علموں کی مزید رجسٹریشن پر مزید فنڈز جاری کیے جائیں گے۔ صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 13:06

خیبرپختونخوا حکومت کا کرغزستان میں پھنسے طلبہ کیلئے مفت پروازوں کا ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) خیبرپختونخوا حکومت نے کرغزستان میں پھنسے طالب علموں کیلئے مفت پروازوں کا اعلان کردیا۔ اپنے ایک بیان میں خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ کرغزستان کی خصوصی پروازوں کے لیے 6 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں، 6 کروڑ روپے 2 پروازوں کے لیے جاری کر دیے گئے ہیں، طلبہ کی مزید رجسٹریشن پر مزید فنڈز جاری کیے جائیں گے، کرغزستان میں پاکستان کے دیگر صوبوں کے پھنسے ہوئے طالب علم بھی رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔

اسی حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بشکیک میں پھنسے پاکستانی طالب علم 03433333049 اور 03440955550 پر رابطہ کر سکتے ہیں، طلبہ مفت ائیر سروس پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر حاصل کر سکتے ہیں، پطالب علموں کے پاکستان میں موجود اہلخانہ اس حوالے سے معلومات کے لیے ٹال فری نمبر 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ کرغزستان میں پھنسے مزید سینکڑوں پاکستانی طلبہ 2 خصوصی پروازوں سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے دو خصوصی پروازیں طلبہ سمیت 360 مسافروں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی ہیں، پاکستانی طلبہ اور مسافر بشکیک سے باحفاظت 2 خصوصی پروازوں کے ذیعے وطن پہنچے ہیں، جن میں سے بشکیک سے 180 طلبہ اور مسافروں کو لے کر آنے والی ایک پرواز کے اے 4575 نے اسلام آباد ایئرپورٹ لینڈ کیا جب کہ دوسری پرواز کے اے 6571 طلبہ سمیت 180 مسافروں کو لے کر لاہور پہنچی، اس موقع پر ایئرپورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔

رات گئے کرغزستان سے 170 پاکستانی طلبہ کا تیسرا گروپ لاہور پہنچا، عطا اللّٰہ تارڑ نے کرغزستان سے آنے والے طلبہ سے ملاقات کے بعد گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ کرغزستان سے آنے والے طلبہ خوف زدہ ہیں انہیں تسلی دی ہے، آج کی پرواز سے 170 طلباء و طالبات وطن واپس آئے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر طلبہ کو گھر تک پہنچانے کے انتظامات کیے گئے ہیں، ہم کرغزستان حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں، بچوں کی سکیورٹی بہتر کرنے کے لیے کرغزستان حکومت سے بات کریں گے۔