مقبوضہ کشمیر کے مفتی اعظم کی طرف شہید میر واعظ محمد فاروق کو شاندار خراج عقیدت

پیر 20 مئی 2024 22:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق کوانکے یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مفتی اعظم نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں میر واعظ مولوی محمد فاروق کو ایک نڈر، مخلص اور قدآور مذہبی اورسیاسی رہنما قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم کیلئے انکی دینی، اصلاحی اور سماجی خدمات ناقابل فرموش ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خطہ کشمیر میں حضرت خواجہ عبدالرحمن بلبل شاہ اورحضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی کے مبارک ہاتھوں سے دین اسلام کی آمد اور ترویج و اشاعت کے بعددو مقتدر اور تاریخی خانوادے میرواعظ کشمیر اور مفتی اعظم نے دین کے فروغ کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں ۔

(جاری ہے)

مفتی اعظم نے بارگاہ ایزدی میں شہید ملت ، شہدائے حول اور شہید عبدالغنی لون کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائوں اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا۔مفتی ناصر الاسلام نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی،وزیر خارجہ اور دیگر اہم شخصیات کے ایک ہیلی کاپٹر سانحہ میں جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ کو ایرانی حکومت اور عوام کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام کو یقین دلایا کہ وہ ان کے غم میں برابرشریک ہیں۔انہوں نے مرحومین کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔