باغبانوں کو پھل کی مکھی کے حملہ سے بچاؤکیلئے باغات میں گرے ہوئے پھلوں کو اکٹھا کرکے کسی دوسری جگہ زمین میں دبانے کا مشورہ

بدھ 22 مئی 2024 16:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) زمین پر گرے ہوئے ترشاوہ پھل مکھیوں کی افزائش نسل کا موجب بننے لگے ہیں لہٰذا باغبانوں کو پھل کی مکھی کے حملہ سے بچاؤ اور سنڈیوں کی تلفی کیلئے باغات میں گرے ہوئے پھلوں کو فوری اکٹھا کرکے کسی دوسری جگہ زمین میں دبانے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ صحت مند پھلوں کو مکھیوں کے حملہ اور نقصان سے بچایاجاسکے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمار نے بتایا کہ ترشاوہ پھلوں کے متاثرہ درختوں کے نیچے فوری ہلکی گوڈی کرنے سے مکھی کا پیوپا سورج کی روشنی میں تلف ہو جاتاہے تاہم نر مکھی کے تدارک کیلئے میتھائل بوجینال کے 5جنسی پھندے فی ایکڑ بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مادہ مکھی کا تدارک پروٹین ہائیڈرولائزیٹ کے استعمال سے بھی کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان پٹ سن کی پرانی بوریوں کے ٹکڑوں کو شیرے میں بھگو کر ان کے اوپر ٹرائی کلوروفان کا دھوڑا کریں اور باغ میں سایہ دار جگہوں پر پھیلا دیں کیونکہ اس عمل سے پھل کی مکھی کے تدارک میں مددملنے سمیت پھل کی کوالٹی بہترہوگی۔انہوں نے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں پر پھل کی مکھی کے حملہ کے باعث بیرونی ممالک میں ان کی برآمدات متاثر ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پھل کی مکھی امرود اور آم کے پھلوں کے بعد ترشاوہ پھلوں پر بھی حملہ آور ہورہی ہے جبکہ پھل کی مکھی کی جسامت گھریلو مکھی سے ذرا بڑی ہوتی ہے مگر مکھی کا رنگ سرخی مائل بھورا اور جسم پر زرد رنگ کی دولکیریں لمبائی کے رخ یا ترشے رخ ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس کے بچے سنڈی کی شکل کے ہوتے ہیں جنہیں میگیٹ کہتے ہیں اوریہ سنڈیاں پھل کے اندر گودا کھا کر پرورش پاتی ہیں اور ساتھ ساتھ اپنا فضلہ پھل کے گودے میں شامل کرتی رہتی ہیں جس سے پھل گندے اورگل سڑ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پھل میں سنڈیاں موجود ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں کم قیمت لگتی ہے اور اس کو سٹور کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پھل کی مکھی جب چھوٹے پھل پر ڈنگ مارتی ہے تو اس کے بعد وہاں پھل کے چھلکے کی رنگت دائرہ نما شکل میں زرد ہونا شروع ہوجاتی ہے اور پھل اندر سے گلنا سڑنا شروع ہوجاتاہے جو بعد میں پودے سے گر جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسے گرے ہوئے پھلوں میں پھل کی مکھیوں کی سنڈیاں پرورش پاتی اور مکمل مکھیاں بن جاتی ہیں جبکہ یہ مکھیاں پودوں پر موجود صحت مند پھلوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بھی بنتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ باغبان مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔