Live Updates

ٌپاکستان تحریک انصاف نے پیمرا کا اقدام آزادی صحافت اور عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دے دیا

جمعرات 23 مئی 2024 22:05

،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے پیمرا کا اقدام آزادی صحافت اور عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دے دیا۔دستورِ پاکستان آزادی اظہار رائے اور معلومات تک رسائی کے بنیادی حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے جسے محض ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے معطل نہیں کیا جا سکتا، ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پیمرا کا عدالتی کارروائی کی رپورٹننگ پر پابندی عائد کرنے کا اقدام آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں آزادی اظہار رائے کا بنیادی حق غصب کرنے کے آلہ کار کا کردار ادا کرنے والا پیمرا آج ججز کی زباں بندی کے مکروہ عمل میں مہرے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔پیمرا کے ایسے ہی ایک غیر شائع شدہ آرڈر کی آڑ میں گزشتہ ایک سال سے بانی چئیرمین عمران خان کی تقریر، تحریر اور تصویر کی نشریات پر ناحق پابندی عائد ہے۔پیمرا کے نوٹیفیکیشن سے متعلق صحافتی 7تنظیموں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے مؤقف کی بھرپور تائید و توثیق کرتے ہیں، عدلیہ سے استدعا ہے کہ پیمرا کے عدلیہ کی آزادی کے خلاف اقدام کا فوری نوٹس لیا جائے اور چئیرمین پیمرا سے توہین عدالت کے کھلے ارتکاب پر جواب طلب کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات