مدینہ منورہ سے 50 سال پرانے درختوں کی البیضا پارک میں منتقلی

جمعہ 24 مئی 2024 16:47

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) سعودی عرب کے قومی مرکز برائے شجرکاری اور مدینہ گورنریٹ کے اشتراک سے مختلف مقامات سے 50 برس پرانے 8 قدیم درختوں کو البیضا کے پارک میں منتقل کر دیا گیا،جس کا مقصد پرانے درختوں کا تحفظ اور ان کی بہتر دیکھ بھال کرنا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق پرانے درختوں کو منتقل کرنے کے اقدام میں تحفظ ماحولیات کی ٹاسک فورس ٹیموں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

مشترکہ ٹیموں نے مدینہ منورہ کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز پارک سے 5 جبکہ الفریش قریہ سے 3 پرانے درختوں کو مدینہ منورہ شہر کے باہر البیضاکے علاقے کے پارک میں منتقل کیا۔ منتقلی سے قبل نباتات کے امور کی مخصوص ٹیموں نے تمام درختوں کا جائزہ لینے کے بعد ان کی عمر اور نسل کا تعین کرنے کے بعد انہیں دوسرے مقام پر منتقلی کی منظوری جاری کی۔ نباتاتی امور کی نگران کمیٹی کی جانب سے قدیم اور نایاب درختوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے جس میں ان کی جملہ تفصیلات درج ہوتی ہیں ایسے درخت جو نایاب ہوں اور ان کی عمر 50 برس سے زیادہ ہوچکی ہو ان کی خاص دیکھ بھال کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :