برطانیہ، لیبر پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ ہولی لِنچ عام انتخابات سے قبل مستعفی

جمعہ 24 مئی 2024 16:47

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) برطانیہ کے شہر ہیلی فیکس سے لیبر پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ ہولی لِنچ نے عام انتخابات سے قبل اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 37 سالہ ہولی لِنچ 2015 ،2017 اور 2019 کے الیکشن میں لیبر پارٹی کی کامیاب امیدوار رہی ہیں۔ہولی لِنچ نے استعفی دینے کے بعد اپنے ووٹرز کے لیے ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے لیے اپنے آبائی شہر کے لیے بطور رکن پارلیمنٹ خدمات انجام دینا بہترین اعزاز تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں میں اپنے حلقے کے لوگوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ تقریبا 10 سال تک اپنے آبائی شہر کے لیے بطور رکنِ پارلیمنٹ خدمات انجام دینے کے بعد عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ میرے لیے ناقابل یقین حد تک مشکل تھا۔ہولی لِنچ نے بتایا کہ اپنا یہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ میں نے اپنی توقع سے تھوڑا جلدی کرلیا کیونکہ میرے پاس ایک حیرت انگیز شوہر ہے اور میں ایک بیٹے کی ماں بھی ہوں، جلد ہی دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے اس لیے اب میرے لیے گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ اپنا عہدہ سنبھالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔