آزاد جموں وکشمیر میںورکنگ جرنلسٹس پر مشتمل فورم تشکیل، محمد اقبال میر صدر جموں وکشمیر جرنلسٹس فورم منتخب

شاہرائے سرینگر رشید آباد کے مقا م پر فورم کا افتتاح کردیا گیا، اینکر پرسن ڈاکٹر عرفان،سید آفاق حسین شاہ ، یونس میر نے باضابطہ افتتاح کیا سیکرٹری جنرل گلشاد بٹ، سیکرٹری مالیات کے فرائض راجہ بشیر اللہ خان انجام دینگے، صحافی عبدالواجد خان، ذوالفقار علی، سفیر احمد رضا کی شرکت

اتوار 26 مئی 2024 17:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2024ء) آزاد جموں وکشمیرمیں ورکنگ جرنلسٹس پر مشتمل فورم تشکیل، جموں وکشمیر جرنلسٹس فورم قائم کردیا گیا، فورم الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ پروفیشنل صحافیوں پر مشتمل ہوگا ، فورم کا مقصد دور حاضر میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے، صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تربیتی ورکشاپس کے انعقا د ، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سمیت صحافت کی ڈگری حاصل کر نے والے نوجوان صحافیوں کی پروفیشنل ذمہ داریوں کے حوالے سے معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں شاہرائے سرینگر رشید آباد کے مقام پر باضابطہ دفتر قائم کردیا گیا ہے، فورم میں ابتدائی طور پر تین عہدے تشکیل دیئے گے ہیں، قومی نیوز چینل سے منسلک سینئر صحافی محمد اقبال میر صدر ، سیکرٹری جنرل قومی اخبار کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر گلشاد احمد بٹ جبکہ ریاستی اخبار کے بیورو چیف راجہ بشیر خان سیکرٹری مالیات کے فرائض انجام دیں گے، قومی چینل سے وابستہ سینئر اینکر پرسن ڈاکٹر عرفان اشرف، سابق صدر سینٹرل پریس کلب سید آفاق حسین شاہ، سماجی کارکن ڈاکٹر محمد یونس میر نے سینئر صحافیوں کی موجودگی میں فیتا کاٹ کر دفتر کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریاستی اخبار کے ایڈیٹرسینئر صحافی عبدالواجد خان، ریاستی اخبار کے چیف ایڈیٹر ، ممبر اے کے این ایس، ممبر پریس فائوندیشن سردار یونس نیازی،ذوالفقار علی، انگریزی اخبار کے ایڈیٹر ، قومی چینل کے نمائندے راجہ شاہد ،قومی نیوز چینل سے منسلک صحافی سفیر احمد رضا، نصیر چوہدری، مرزا شہزاد ، اشفاق اعوان،ارشاد بٹ، ریاستی اخبارات سے منسلک صحافی نسرین شیخ، سردار عدنان ، ریاستی اخبار کے نیوز ایڈیٹر پرویز درانی،نوجوان صحافی راجہ بشارت اظہار، شاہین عباسی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر عرفان اشرف، سید آفاق حسین شاہ، عبدالواجد خان ، ڈاکٹر محمد یونس میر ودیگر نے کہا کہ جموں وکشمیر جرنلسٹس فورم آزادکشمیر کی صحافت کیلئے نیک شگون ہے، فورم کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی تھی، محمد اقبال میر سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے، دائرے کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر ایک متنازعہ اور پرامن علاقہ ہے ، ہمیشہ یہاں محبت ، رواداری کو فروغ ملا ہے، سوشل میڈیا کا استعمال منفی ہونے کی وجہ سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں، جس کا فائدہ دشمن اٹھا رہا ہے، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے، لائن آف کنٹرول کے اُس پار بھارت نے جس طرح کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے وہاں قلم قبیلے سے منسلک ایسے افراد جو بھارت کے گھنائونے چہرے سے نقاب اتار دیتے تھے وہ پابند سلاسل ہیں یا پھر مختلف ٹرائل سے گزارا جارہا ہے، ایسے حالات میں ان کی آواز بلند کرنے کیلئے قلم قبیلے کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قلم قبیلے کے لوگ صحافت کے اصولوں کو اپنا تے ہوئے ریاست کی ترقی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔ تحقیق سے تخلیق کا سفر انتہائی اہم ہوتا ہے جس کیلئے اس فورم پر بھاری ذمہ داریاں ہیں، صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے کام کی ضرورت ہے، صحافت کی ڈگری حاصل کرنے والے صحافیوں کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی ریاست کی ترقی ، تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی خدمات پیش کرسکیں۔