لاہور میں بکرے چوری کی واردات کے دوران فائرنگ سے چور مارا گیا

مصطفیٰ ٹاؤن میں شہری آصف کے گھر میں چار چور بکرے چوری کرنے کے لیے داخل ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 جون 2024 15:03

لاہور میں بکرے چوری کی واردات کے دوران فائرنگ سے چور مارا گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بکرے چوری کی واردات کے دوران فائرنگ سے چور مارا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقہ مصطفی ٹاؤن میں بکرے چوری کرنے کی واردات کے دوران فائرنگ سے چور ہلاک ہوا، ہلاک ہونے والے چور کی شناخت اعجاز کے نام سے ہوئی جو حسن ٹاؤن کا رہائشی تھا، پولیس نے ہلاک ہونے والے چور کی لاش مردہ خانے منتقل کردی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری آصف کے گھر میں چار چور بکرے چوری کرنے کے لیے داخل ہوئے اور اہل خانہ کے شور مچانے پر چوروں نے فائرنگ کردی، اس موقع پر کراس فائرنگ میں ایک چور موقع پر ہلاک ہوگیا جب کہ تین چور ایک بکرا لے کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی میں مصنوعی دانت لگا کر قربانی کے جانور فروخت کرنے والے میاں بیوی کو پولیس نے گرفتار کرلیا، پولیس نے شہر قائد کے علاقہ گلبرگ چورنگی کے پاس قربانی کے بکروں کو مصنوعی دانت لگانے والے میاں بیوی کو حراست میں لیا، بیوپاری میاں بیوی کے حوالے سے خریدار کو جانوروں کے دانتوں پر شک ہوا جانچ کے دوران ان کا یہ شک یقین میں بدل گیا اور انہوں نے پولیس کو آگاہ کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ بیوپاری میاں بیوی کے خلاف شکایت ملنے کے بعد سمن آباد پولیس سٹیشن کے اہلکاروں کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں پولیس نے بیوپاری میاں بیوی کو 7 بکروں سمیت گرفتار کرلیا، جن کے بارے میں پتا چلا کہ یہ بیوپاری میاں بیوی حیدر آباد سے کراچی جانوروں کی فروخت کے لیے آئے تھے جنہوں نے گرفتاری کے بعد پولیس کو بیان میں بتایا کہ مصنوعی دانتوں کے حوالے سے ہم بھی لاعلم ہیں ہم تو خود فراڈ کا شکار ہوئے ہیں۔