اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو عبرت ناک جواب دیا ہے،نیتن یاہو

اسرائیل دبائو میں آجاتا تو ہزاروں دہشتگردوں کو ختم نہیں کرسکتا تھا،خطاب

جمعرات 1 اگست 2024 16:51

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2024ء) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو عبرت ناک جواب دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ خطاب تقریبا 5 منٹ تک ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیاتاہم اس دوران انہوں نے تہران میں قتل ہونے والے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

اس کے برعکس انہوں نے بیروت میں مارے گئے حزب اللہ کے ایک سینئر اہلکار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں جاری جنگ بندی کے دبا ئومیں آجاتا تو کبھی بھی حماس کے رہنمائوں اور دیگر ہزاروں دہشتگردوں کو ختم نہیں کرسکتا تھا۔تل ابیب میں خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے مزید کہا کہ آنے والے دن اسرائیل کے لیے چیلنجنگ ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔

حماس، حزب اللہ اور حوثیوں پر تابڑ توڑ حملے کیے ہی، اسرائیل نے حزب اللہ چیف آف اسٹاف فواد شکر سے بدلہ لے لیا ہے، اسرائیل پر حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کی پراکسیز کو منہ توڑ ردعمل دیا ہے۔ اسرائیل اپنے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔ شہریوں کو مشکل دنوں کا سامنا ہوگا لیکن اسرائیل ہر طرح کی صورتحال کیلیے تیار ہے۔