بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں ٹوکن فیس ختم، علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ، ڈاکٹر رانا محمد طارق خان

جمعہ 9 اگست 2024 22:15

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2024ء) رکن صوبائی اسمبلی و مانیٹرنگ انچارج بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر رانا محمد طارق خان نے کہا ہے کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹوکن فیس ختم کر دی گئی ہے جس سے لوگوں ریلیف ملا ہے۔بی وی ایچ کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول میں لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت پنجاب مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں مریضوں کے بہترین علاج معالجہ، ادویات کی فراہمی، میڈیکل ٹیسٹ اور دیگر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف انسانی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر اپنے فرائض ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے اور مریضوں کو علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

انہوں نے بہاولپور ہسپتال کے مختلف وارڈز، شعبہ ایمرجنسی میں جا کر مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔رکن صوبائی اسمبلی نے ہسپتال میں ری ویمپنگ اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ری ویمپنگ اور ترقیاتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ میعاد میں مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کی کوالٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔