بنگلہ دیش: چیف جسٹس اور مرکزی بینک کے گورنر اپنے عہدوں سے مستعفی

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 10 اگست 2024 17:40

بنگلہ دیش: چیف جسٹس اور مرکزی بینک کے گورنر  اپنے عہدوں سے مستعفی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 10 اگست 2024ء) بنگلہ دیش میں حکام کا کہنا ہے کے ملکی چیف جسٹس اور مرکزی بینک کے گورنر اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان اعلی ریاستی عہدیداران کے استعفے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مستعفی ہو کر ملک سے فرار ہونے کے چار روز بعد دیے گئے ہیں۔

شیخ حسینہ کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کر دینے والے طلبہ کے مظاہرے اب ان کے دور حکومت میں تعینات کیے گئے مزید سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے لیے وسعت اختیار کر رہے ہیں ۔

بنگلہ دیشی وزارت قانون کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ چیف جسٹس عبید الحسن نے طلبہ کی جانب سے ''سنگین نتائج‘‘ کی دھمکیوں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

(جاری ہے)

اس بابت عبید الحسن کا موقف جاننے کے لیے روئٹرز کا ان سے فوری طور رابطہ نہیں ہو سکا۔

دریں اثنا وزارت خزانہ کے مشیر صلاح الدین احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ بنگلہ دیش بینک کے گورنر عبدالرؤف تالقدر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے لیکن اس عہدے کی اہمیت کے پیش نظر ان کا استعفیٰ فوری طور پر قبول نہیں کیا گیا ہے۔

روئٹرز کا تالقدر سے بھی رابطہ نہیں ہو سکا۔

کچھ دن قبل 300 سے 400 بینک اہلکاروں نے بدعنوانی کا الزام لگا کر مرکزی بینک کے چار ڈپٹی گورنروں کو بھی کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیا تھا۔

شیخ حسینہ پیر کے روزملک سے فرار کے بعد سے نئی دہلی میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ سابقہ حکومت کے خلاف طلبا کی قیادت میں ہلاکت خیز مظاہروں نے اس 170 ملین آبادی والے جنوبی ایشیائی ملک میں شیخ حسینہ کے پندرہ سالہ دور حکمرانی کا خاتمہ کر دیا۔

ش ر⁄ م ا (روئٹرز)