ملکی تعمیر و ترقی کیلئے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری ہے، اسپیکرقومی اسمبلی

ہفتہ 14 ستمبر 2024 22:24

ملکی تعمیر و ترقی کیلئے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری ہے، اسپیکرقومی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جمہوری نظام کا استحکام ناگزیر ہے، جمہوریت عوام کو اپنی قیادت خود منتخب کرنے کا حق دیتی ہے، جس کے تحت عوام اپنے ووٹ سے اپنے نمائندے منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجتے ہیں، یہ منتخب نمائندے عوامی اٴْمنگوں کے مطابق حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی اور پالیسی سازی کرتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اظہارِ رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضامن ہے، جمہوری نظام کے تسلسل کے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے سیاسی، سماجی اور اقتصادی نظام میں بھرپور شرکت کا موقع ملتا ہے، جو جمہوری نظام کا اہم حصہ ہے۔

اسپیکر نے سیاسی جماعتوں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی مفاد اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں۔ جمہوریت میں مسائل کا حل ہمیشہ باہمی مشاورت سے نکالا جاتا ہے، اور ہمارا دین بھی مشاورت کو اہمیت دیتا ہے، جو جمہوریت کا بنیادی اصول ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام ہی ملکی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور ہمیں جمہوری اداروں کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔