چوہدری رحمت علی کی سالگرہ کا دن ہمیں خود احتسابی کا درس دیتا ہے،ریحان نسیم بھڑاڑہ

ہفتہ 16 نومبر 2024 16:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2024ء) فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھڑاڑہ نے کہا ہے کہ لفظ "پاکستان "کے تخلیق کار چوہدری رحمت علی کی سالگرہ کا دن ہمیں خود احتسابی کا درس دیتا ہے تاکہ ہم اس بات کا تعین کر سکیں کہ ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد کو کس حد تک حاصل کیا اور اس کی بنیاد پر بہتر پاکستان کی تعمیر کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری رحمت علی کی 127ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمش گچھا، سابق سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود گجر اور ڈاکٹر جعفر حسن مبارک بھی موجود تھے۔ صدر ریحان نسیم بھڑاڑہ نے کہا کہ لفظ پاکستان کے خالق کی سالگرہ کی تقریب منانا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے مگر ہمیں اپنے قومی ایام کو خود احتسابی کے طور پر منانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے دوہرے اعزاز کی بات ہے کہ چوہدری رحمت علی کے رشتہ دار آج بھی فیصل آباد میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری رحمت علی کا شمار تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا لفظ امت مسلمہ کے استعارے کے طور پر استعمال ہورہاہے اور اس کیلئے ہم چوہدری رحمت علی کی دور اندیشی اور فکری بصیرت کے معترف ہیں۔