سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانا ہوگا،خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 13 دسمبر 2024 19:25

سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سی ای او ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈاکٹر مشتاق سلہریا و دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس حوالے سے سی ای او ڈاکٹر ثاقب عزیز نے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔سی ای او ڈاکٹر ثاقب عزیز نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو ادارہ کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن صوبہ بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کی مسلسل انسپکشن کو یقینی بنا رہا ہے۔ابھی تک حکومت پنجاب صوبہ بھر میں55 ہزار سے زائد عطائیوں کے کاروبار بند کروا چکی ہے۔

(جاری ہے)

عطائی نام نہاد ڈاکٹرز بن کر معصوم انسانی جانوں سے انتہائی خطرناک طریقوں سے کھیل رہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پورے پنجاب میں انسپکشن کے دوران چلڈرن ہسپتال لاہور اور پی کے ایل آئی کے انڈی کیٹرز سب سے بہتر ہیں۔پنجاب میں ابھی بھی زیادہ تر او پی ڈی، ایمرجنسی اور سرجریز سرکاری ہسپتالوں میں ہو رہی ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانا ہوگا۔

ہمیں تعلیمی اداروں میں جا کر صفائی ستھرائی بارے آگاہی سیمینارز کا انعقاد کرنا ہو گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں کوالٹی امپروومنٹ کے شعبہ کو بھی فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن بہت بہتر انداز میں سرکاری و نجی ہسپتالوں کی انسپکشن کر رہا ہے۔ حکومت پنجاب کے شعبہ صحت میں اٹھائے گئے اقدامات کی کامیابی اور سو فیصد ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں پریکٹس کیلئے ماڈل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔