پاکستان زیتون کی کاشت میں خودکفالت حاصل کر سکتا ہے ‘رانا تنویرحسین

منگل 21 اکتوبر 2025 18:44

پاکستان زیتون کی کاشت میں خودکفالت حاصل کر سکتا ہے ‘رانا تنویرحسین
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2025ء) :وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان زیتون کی کاشت میں خودکفالت حاصل کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ زیتون کی صنعت پاکستان کے لیے خوشحالی اور زرعی خود کفالت کی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔ منگل کو پاکستان اولیو سمٹ 2.0 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان زیتون کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اور اس فصل کی بدولت دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔

وزیرِ نے کہا کہ زیتون کا تیل پاکستان کا ایک بین الاقوامی برآمدی برانڈ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حکومت زیتون کے شعبے میں جدید تحقیق، ٹیکنالوجی کے استعمال اور کسانوں کی تربیت کو فروغ دے رہی ہے تاکہ پیداوار میں کئی گنا اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے کہا کہ زیتون کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت خوش آئند ہے، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ صنعت تیزی سے ترقی کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار زراعت مستقبل کی ناگزیر ضرورت ہے اور فوڈ سیفٹی ہماری قومی ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کی کاشت کے فروغ سے پاکستان خطے میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ حکومت ایسی پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے جو اشتراکِ عمل اور جدید تحقیق کے ذریعے زیتون کے شعبے کو مستحکم بنائیں گی۔رانا تنویر حسین نے نوجوان کسانوں پر زور دیا کہ وہ زیتون کی کاشت اور ویلیو چین میں کلیدی کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زیتون کو پاکستان کی پہچان بنائیں گے، کیونکہ محفوظ اور پائیدار خوراک ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔۔۔۔ اعجاز خان