دنیا کی معاشی ترقی کا راز نئے بزنس آئیڈیاز میں مضمر ہے،صدر سرگودھا چیمبر

جمعرات 6 فروری 2025 14:27

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے کہا ہے کہ دنیا کی معاشی ترقی کا راز نئے بزنس آئیڈیاز میں مضمر ہے، ہمیں بھی پرانی سوچ کو بدلنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ٹائم اِن ٹریولز کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کے دوران کہی۔صدر سرگودہا چیمبر،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عاصم اقبال اعوان، سمال ٹریڈرز اینڈ سمال چیمبر کے صدر حسن یوسف، طارق یعقوب، مرزا فضل الرحمن سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے آئیڈیاز متعارف کروانے کے لئے ہم سب کو سیمینارز کا انعقاد کرنا ہوگا تاکہ کاروباری حضرات کو بزنس آئیڈیاز کے حوالہ سے آگاہی حاصل ہو۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں کامیاب کاروباری افراد ہر گزرتے دن کےساتھ نئے آئیڈیاز کو فالو کرکے ترقی کی جانب گامزن ہیں لیکن ہمارے تاجروں نے نئے آئیڈیاز کے مطابق کام کرنے کی بجائے پرانی روش کو اپنایا ہوا ہے،ڈی بی اے اور چیمبر آف کامرس مل کر سرگودھا کی ترقی کے لئے کام کریں گے کیونکہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروبار میں جدت لائی جائے اور دنیا کے مطابق اپنے کاروبار کو چلایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹریول اینڈ ٹورز ایسوسی ایشن کے صدر مدثر خالد وڑائچ، چیمبر آف کامرس کے دیگر عہدیداران اور ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ۔