ایشین گیمز کا ہیرو مایہ ناز فٹبالر محمد ریاض معاشی تنگ حالات کے سبب جلیبیاں بیچنے پر مجبور

کیا قومی ہیروز کا مقدر یہی ہے؟، حکومت سے اپیل ہے کہ محکمہ جاتی کھیل بحال کریں : محمد ریاض

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 مارچ 2025 13:15

ایشین گیمز کا ہیرو مایہ ناز فٹبالر محمد ریاض معاشی تنگ حالات کے سبب ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مارچ 2025ء) پاکستان کا مایہ ناز فٹبالر محمد ریاض غربت اور حکومتی بے حسی کے سبب اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے جلیبیاں فروخت کرنے پر مجبور ہوگیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے باصلاحیت فٹبالر محمد ریاض کی زندگی میں بڑا موڑ آگیا جو انہیں فٹبال گراؤنڈ سے اٹھا کر بازارتک لے آیا۔ 
محکمہ جاتی سپورٹس کی بندش اور اور حکومتی عدم توجہی کے باعث بہت سے کھلاڑی بے یار و مددگار ہوگئے جن میں ایک ایشین گیمز کا ہیرو فٹبالر محمد ریاض بھی ہے۔

(جاری ہے)

 
ہنگو سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ ریاض 2018ء کے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکا ہے اور 2013ء سے 2019ء تک 14 میچز میں 2 گول سکور کیے ہیں لیکن آج وہی قومی ہیرو اپنی گزر بسر کے لیے جلیبیاں تلنے پر مجبور ہے۔ 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ریاض نے سوال کیا کہ کیا قومی ہیروز کا مقدر یہی ہی انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ محکمہ جاتی کھیل بحال کریں۔ 
واضح رہے کہ یہ کہانی صرف محمد ریاض ہی کی نہیں بلکہ پاکستان کے کئی دیگر قومی فٹبالرز اور ہاکی کھلاڑی بھی اسی کربناک صورتحال کا شکار ہیں۔ 
وہ کھلاڑی جو کبھی ملک کا نام روشن کرنے کا خواب دیکھتے تھے، آج اپنے ہی ملک میں بے یارو مددگار ہوچکے ہیں۔