سیالکوٹ، سٹیٹ بینک کے زیر اہتمام نے پاکستان فنانشل لٹریسی ویک کی تقریبات جاری

منگل 15 اپریل 2025 11:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) سٹیٹ بینک (ایس بی پی)نے پاکستان فنانشل لٹریسی ویک 2025 (پی ایف ایل ڈبلیو) کا باضابطہ آغاز کر دیا جس کا مقصد مالی آگاہی، شمولیت اور خود مختاری کو فروغ دینا ہے۔ تقریب کا افتتاح چیف منیجرسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن سیالکوٹ فوزیہ اسلم نے کیا۔ انہوں نے مالی خواندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ”تیزی سے بدلتے ہوئے مالیاتی منظرنامے میں افراد کو مالیاتی علم سے آراستہ کرنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔

"تعاون اور جدت کے ذریعے مالی شمولیت"کے موضوع کے تحت فنانشل لٹریسی ویک 2025 کے دوران درج ذیل سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ 260 فنانشل لٹریسی کیمپس،350اسکولز اور جامعات میں آؤٹ ریچ پروگرامز، 400 سے زائد ورکشاپس اور آگاہی سیشنز جو خواتین، نوجوانوں اور خصوصی افراد کو ہدف بنائیں گے۔

(جاری ہے)

101 اضلاع میں سرگرمیاں، جن میں 100 سے زائد شراکتی ادارے، 60 جامعات و کالجز اور تمام کمرشل بینکس شامل ہوں گے۔

سیالکوٹ میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، سٹیٹ بینک کے افسران، مالیاتی اداروں کے علاقائی سربراہان، خصوصی افراد کے لئے کام کرنے والی این جی اوز کے نمائندگان، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، طلبا، ایس بی پی کے کیمپس ایمبیسیڈرز، میڈیا کے نمائندے اور مختلف بینکوں کے این ایف ایل پی فوکل پرسنز بھی شریک تھے۔

ان سرگرمیوں کا مقصد افراد کو مالیاتی فیصلے بہتر طریقے سے کرنے کے قابل بنانا، ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کو اپنانے کی ترغیب دینا، اور پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان تمام شراکتی اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے ملک بھر میں مالی خواندگی اور شمولیت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا۔