ملکی معیشت کے استحکام کی جانب اہم قدم‘ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے "منرلز کمپلیکس" کا قیام

جمعرات 12 جون 2025 18:42

ملکی معیشت کے استحکام کی جانب اہم قدم‘ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے "منرلز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) ملک میں صنعتی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کی راہ ہموار کرنے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مؤثر سہولت کاری کے تحت پاکستان میں معدنیات کی تلاش اور پیداوار کے لیے "منرلز کمپلیکس" کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ منصوبہ "انفال گروپ" کے تحت شروع کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

حکومتِ پنجاب اور SIFC کے درمیان قریبی ہم آہنگی کے نتیجے میں انفال گروپ کو ورک آرڈر جاری کر دیا گیا ہے، جس سے پاکستان میں نہ صرف صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کی کیمیکل درآمدات میں سالانہ 2.9 بلین ڈالر کی خطیر بچت متوقع ہے، جبکہ راک سالٹ سمیت دیگر اہم کیمیکلز کی برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

ایس آئی ایف سی کا یہ قدم معدنی اور کیمیکل شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، جو نہ صرف قومی معیشت کو مستحکم کرے گا بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔انفال سیمنٹ لمیٹڈکے سی ای او زاہد ندیم نے اس موقع پر کہا کہ ایس آئی ایف سی کی معاونت کے باعث ہمیں راک سالٹ ایکسپلوریشن لائسنس حاصل ہوا، جو ہماری کمپنی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ منصوبہ صنعتی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری اور قومی معیشت کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ منرلز کمپلیکس کا قیام ایک ایسا مثبت قدم ہے جو پاکستان کو معدنی دولت سے مؤثر انداز میں استفادہ کرنے کے قابل بنائے گا اور صنعتی میدان میں خود کفالت کے حصول کو ممکن بنائے گا۔