لاہور چیمبر میں وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کی ایڈوائزری کمیٹی کے اعلی سطحی اجلاس و آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 17 اپریل 2025 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کی ایڈوائزری کمیٹی کا اعلی سطحی اجلاس اور آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد ٹیکس دہندگان اور ایف ٹی او کے دفتر کے درمیان روابط کو فروغ دینا، شفافیت کو یقینی بنانا اور ملک میں ایک منصفانہ، موثر ٹیکس نظام کے قیام کی راہ ہموار کرنا تھا۔

اجلاس اور سیمینار کی مشترکہ صدارت وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ اور لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کی۔ اس موقع پر ایف ٹی او سیکرٹریٹ کے سینئر افسران، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نمائندگان، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، ممتاز کاروباری شخصیات، ٹیکس ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں آصف محمود جاہ نے کہا کہ ایف ٹی او کا ادارہ ٹیکس دہندگان کے حقوق کے تحفظ اور ٹیکس نظام میں بدانتظامی سے متعلق شکایات کے فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ حل کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دفتر نے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں جن میں ملک بھر کے تجارتی چیمبرز میں ایڈوائزری کمیٹیوں کا قیام، آگاہی پروگرامز اور آن لائن شکایات کے اندراج کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ انصاف اور شفافیت کے فروغ کے لیے محتسب کے پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کریں۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے اپنے خطاب میں ایف ٹی او کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ کاروباری برادری کی آواز بن کر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او کی کوششیں ٹیکس حکام اور ٹیکس دہندگان کے درمیان اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اجلاس اور سیمینارز ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور شکایات کے فوری حل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :