Live Updates

پاکستان کی ترقی کے لئے وزیراعظم اورسپہ سالار کا کردارقابل تحسین ہے،میاں زاہد حسین

بدھ 30 اپریل 2025 18:08

پاکستان کی ترقی کے لئے وزیراعظم اورسپہ سالار کا کردارقابل تحسین ہے،میاں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام اورخوشحالی کیلئے وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف اورسپہ سالارپاکستان حافظ جنرل عاصم منیرکا کردارقابل تحسین ہے۔

بھارت نے جنگ کی کوشش کی توپوری قوم جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کومنہ توڑجواب دے گی۔ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پروجود میں آیا تھا اورنظریہ پاکستان ہی ہماری نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بقاء کا ضامن ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بحرانوں کے باوجود حکومت اورافواج پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے جس کا ثبوت حالیہ اقتصادی اشاریے اورکاروباری برادری کا اعتماد ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اورمودی حکومت کی سازش ہے جس کی پاکستان اوردنیا بھرمیں پرزورمذمت کی جا رہی ہے۔ بھارت ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشوں اوراقلیتوں کونقصان پہنچانے کی فکرمیں رہتا ہے اور وہ 70 سالوں سے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے حالیہ برسوں میں خیبر پختون خواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیچھے بھارت کا مکروہ چہرہ نمایاں ہے۔

خطے کا کوئی ملک بھی اسکی ریشہ دوانیوں سے محفوظ نہیں ہے۔ بھارت نے خطے میں اسلحے کی دوڑاسی لئے شروع کی تھی کہ پاکستان بڑھتے ہوئے دفاعی اخراجات کے بوجھ تلے دب جائے مگرپاکستان اس دھوکے کا شکارنہیں ہوا۔ بھارت کا جنگی جنون اربوں افراد کومتاثرکرے گا۔ مودی سندھ طاس معاہدہ توڑکربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوتا ہے توبھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگتے ہیں اورسازشوں کا جال پھیلا دیا جاتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ قوم اپنے سیاسی اختلافات بھلا کرمتحد ہوچکی ہے اوراسے اپنی فوج کی صلاحیتوں پرنازہے۔ بھارت ایک متحد قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتا اورنہ ہی اپنا ناپاک ایجنڈا چلاسکتا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ افواج پاکستان وقومی سلامتی کے اداروں نے ملک کے تحفظ اورامن کیلئے اپنی لازوال اوربے مثال قربانیاں پیش کی ہیں جس پرساری قوم انکی شکرگزارہے۔ وزیراعظم نے پہلگام واقعہ کی عالمی سطح پرتحقیقات کا عندیہ دے کر بھارت کوبوکھلاہٹ کا شکارکردیا ہے اور اس کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ حکومت نے سکیورٹی کمیٹی میں بھارت کے حوالے سے جو فیصلے کئے وہ پوری قوم کی آواز ہے اورہماری مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ کی کوشش اسکی آخری غلطی ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ پاکستان اس ملک کوصحفہ ہستی سے مٹانے کی صلاحیت رکھنا ہے تاہم ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی قیمت ساری دنیا کوادا کرنا پڑے گی جس میں بھارت کواربوں ڈالرکا اسلحہ بیچنے والے ترقی یافتہ ممالک بھی شامل ہیں جواس کشیدگی پربغلیں بجا رہے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے لیکن اگرجنگ مسلط کی گئی توپوری طاقت سے دفاع کیا جائے گا۔ پاکستان اہم ممالک اورعالمی اداروں کوبھارت کی جانب سے پھیلائی گئی غلط معلومات اورجھوٹے الزامات سے آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات