, صدر چیمبر آف کامرس رحیم یار خان کا وفد کے ہمراہ ایئر سیال لمیٹڈ کا دورہ

جمعہ 18 اپریل 2025 13:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) صدر چیمبر آف کامرس رحیم یار خان ولید احمد نے اپنے وفد کے ہمراہ ایئر سیال لمیٹڈ کا دورہ کیا ۔ چیئرمین ائیر سیال سیالکوٹ فضل جیلانی اور سنیئر وائس چیئرمین قیصر اقبال بریار نے معزز مہمانوں کا پر تپاک استقبال کیا اور انہیں ائیر سیال آفس آمد پر خوش آمدید کہا ۔ چیئرمین ائیر سیال سیالکوٹ فضل جیلانی اور وفد کے مابین ہونے والی ملاقات میں پروازوں کے آغاز ،تجارتی تعلقات اور باہمی کاروباری مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں منعقدہ اجلاس کے دوران چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے مصمم عزم سے قائم نجی ائیر لائن کامیابیوں کے تسلسل کے ساتھ رواں دواں ہے ،انہوں نے وفد کو ائیر سیال کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا او بالخصوص فضائی روابط اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ائیر سیال اپنے آپریشنز کو وسعت دینے ،پروازوں کی تعداد بڑھانے اور نئے بین اقوامی روٹس متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کوششوں کامقصد سفری رابطے مزید بڑھانا اور پاکستان میں اہم اقتصادی ڈرائیو کے طور پر ائیر سیال کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر نا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ائیر سیال جدید سہولیات ،مقامی فن اور ثقافت کی نمائش پر زور دینے کے ساتھ ،مسافروں کو ایک منفرد اور خوش آئند تجربہ فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ولید احمد نے کہا کہ شہر اقبال کے کاروباری حضرات کا یہ پراجیکٹ دنیا بھر کے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندگان کے لیے مشعل راہ ہے ،ائیر سیال نے بہت کم وقت میں ہوا بازی کے میدان میں اپنا منفرد مقام پیدا کیا ہے جو کہ قابل تعریف و قابل تقلید ہے۔

آخر پر اس ملاقات اور دورہ کو یاد گار و دورس نتائج کا حامل بنانے کے لئے ، دونوں وفود نے خیر سگالی اور شراکت کی علامت کے طور پر تحائف کا تبادلہ کیا۔ اس موقع سابق صدر چیمبر آف کامرس رحیم یار خان جاوید ارشاد ،ایگزیکٹو ممبر چیمبر آف کامرس رحیم یار خان محمد عثمان اظہر،ایگزیکٹو ممبر عاطف نزیر ،سیکرٹری جنرل چیمبر آف کامرس رؤف مختار،ترجمان ائیر سیال امتیاز احمد سمیت دیگر تاجر برادری کے افراد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :