مالیاتی خواندگی طالبات کو زندگی کی ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتی ہے، چیف منیجر سٹیٹ بینک فوزیہ اسلم

جمعہ 18 اپریل 2025 18:22

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) سٹیٹ بینک ،سیالکوٹ کی چیف منیجر فوزیہ اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان فنانشل لٹریسی ویک کا مقصد افراد کو مالیاتی فیصلے بہتر طریقے سے کرنے کے قابل بنانا، ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کو اپنانے کی ترغیب دینا اور پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں جی سی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں پاکستان فنانشل لٹریسی ویک 2025 کے سلسلے میں منعقدہ اختتامی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لٹریسی ویک ہر سال منایا جاتا ہے، ہم نے اس ویک کے دوران مختلف سیشنز کروائے، طلباء میں مختلف مقابلے کروائے تاکہ لوگوں کو فنانشل ویک کے بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں برس لٹریسی ویک کا عنوان’’مالیاتی شمولیت بذریعہ تعاون اور اختراع ‘‘رکھا گیا ہے ۔ سٹیٹ بینک کا یہ احسن اقدام ہے، اس سے ملک بھر میں مالی خواندگی اور شمولیت کے فروغ میں اضافہ ہوگا ،مالیاتی خواندگی طالبات کو زندگی کی ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس سے وہ اچھی طرح سے باخبر مالی فیصلے کرنے اور زندگی بھر اپنے پیسوں کا مؤثر طریقے سے انتظام کرنے کے قابل بناسکیں گی ۔ مالیاتی خواندگی ہفتہ کی سرگرمیاں افراد کو صحیح مالی فیصلے کرنے، معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے اور ملک میں مالی خواندگی کی مطلوبہ سطح کو اپنانے کے لیے درکار علم اور آلات سے بااختیار بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کا مقصد افراد کو مالیاتی فیصلے بہتر طریقے سے کرنے کے قابل بنانا، ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کو اپنانے کی ترغیب دینا اور پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے اپنے بینکرز کولیکس کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس لٹریسی ویک کے دوران بہت اچھا کام کیا اور پورا ہفتہ لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے سڑکوں پر رہےجس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس لٹریسی ویک کے منانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور چوہدری طارق سبحانی کی بھی تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے ہمارے اس فنانشیل ویک میں آ کر ہمیں حوصلہ بخشا۔تقریب سے قبل سٹیٹ بینک آف پاکستان سیالکوٹ کی چیف منیجر فوزیہ اسلم کی سربراہی میں گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں واک بھی منعقد ہوئی ۔