بلوچستان میں انڈسٹری سمیت دیگر کیلئے بزنس کمیونٹی کو مالی وتکنیکی معاونت فراہم کرینگے،یواین ڈی پی صوبائی ہیومن رائٹس آفیسر زرغونہ بڑیچ

جمعہ 18 اپریل 2025 22:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP)کی پراونشل ہیومن رائٹس آفیسر زرغونہ بڑیچ نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان میں انڈسٹریلائزیشن،گرین انرجی،زراعت ،تعلیم،انسانی حقوق اور سماجی بہبود کے لئے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو درکار ہر ممکن مالی وتکنیکی معاونت فراہم کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی،سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل جب (UNDP)کی ہیومن رائٹس آفیسر زرغونہ بڑیچ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان پہنچی تو چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ایوب مریانی،حاجی اختر کاکڑ ودیگر نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو مختلف طرز کے مسائل و مشکلات کا سامنا ہے اور یہاں کے تاجر،صنعت کارودیگردور جدید کے تقاضوں اور خاص کر انفارمیشن ٹیکنالوجی بارے آگاہی نہیں رکھتے ،اسے لئے اب تک زراعت،گلہ بانی،کانکنی،تعلیم و دیگر شعبوں میں وہ ترقی نہیں کی جا سکی ہے جو ہونی چاہیے تھی ،ایسے میں یو این ڈی پی و دیگر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ صوبے میں تعلیم،بزنس،کانکنی،زراعت و دیگر شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے یہاں کے صنعتکاروں،تاجروں اور عوام کی معاونت کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پریونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP)کی ہیومن رائٹس آفیسر زرغونہ بڑیچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان ترقی کی دوڑ اور تعلیمی میدان میں ملک کی دیگر اکائیوں سے پیچھے رہ گیا ہے ،یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP) یہاں تعلیم،انسانی حقوق،زراعت،گرین انرجی،سماجی بہبود ودیگر شعبوں میں حکومت ،بزنس کمیونٹی اور عوام کی معاونت چاہتا ہے ،اس کیلئے ہمیں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے تعاون کی ضرورت ہے ہم نہ صرف مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے بلکہ تکنیکی معاونت کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا اور سرٹیفیکیشن بھی کی جائے گی ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے پیداواری و دیگر شعبہ جات دور کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔

اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور یقین دہائی کرائی گئی کہ یو این ڈی پی کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی جانب سے ہر ممکن تعاون حاصل رہے گا۔