فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شہر کی جامع اور مربوط ترقی کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے،ریحان نسیم

منگل 22 اپریل 2025 15:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شہر کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ یہ بات فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین اظہر وقار نے ستارہ گرین سٹی میں فیصل آباد چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں ایک رنگا رنگ فیملی گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ اور میاں محمد ادریس سمیت شہر کے سرکردہ تاجر اور صنعتکار بھی موجود تھے۔ انہوں نے فیملی گالا کے ذریعے لوگوں کو انتہائی صحت مند ماحول میں پروقار تفریحی سہولتیں مہیاکرنے پر چیمبر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر واحد منتخب ادارہ ہے جو اپنے ممبران کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ شہر کی ترقی کیلئے بھی جدوجہد کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی کوششوں سے یہاں سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ اب ہم یہاں بین الاقوامی معیار کا جدید ایکسپو سنٹر قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد آبادی کے لحاظ سے ملک کا تیسرا اور صنعتی اعتبار سے دوسرا بڑا شہر اورہم پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے کو 6لین کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے بھی حکومت سے گفت وشنید جاری ہے۔

فیصل آباد چیمبر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ہم حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ فیصل آباد چیمبر اپنے ممبران کو مختلف قسم کی خدمات مہیا کررہا ہے جبکہ چیمبر میں قائم پولیس خدمت مرکز کے ذریعے پولیس سے متعلقہ 14 سہولیات بھی دی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کے ممبران کیلئے یہاں نادرااور پاسپورٹ کے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے۔

اس سے قبل انہوں نے میاں محمد ادریس اورر انا اظہر وقار کے ہمراہ ستارہ گرین سٹی میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا۔ تقریب کے دوران معروف سنگر آئمہ بیگ نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اس کے بعد 2عمرہ ٹکٹوں کیلئے قرعہ اندازی ہوئی جبکہ مادر وطن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہیدوں، اس مردم خیز خطہ کے ہیروز اور چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ آخر میں میاں محمد ادریس نے اس تقریب کو کامیاب بنانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔