ملک میں ڈیری فارمنگ و لائیوسٹاک سٹاک کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، اے ڈی پسرور

منگل 22 اپریل 2025 18:31

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ پسرور ڈاکٹر عقیل سہیل نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیری فارمنگ اور لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے بہترین جانور پالے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی لائیو سٹاک مارکیٹ میں تھوڑی سی بہتر منصوبہ بندی سے مویشی پال حضرات کی غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے لیکن ویلیو ایڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے اس بھر پور پیداوار کو منافع بخش سرمایہ کاری میں منتقل کرنے اور اس کے معاشی ثمرات لائیو سٹاک فارمرز تک پہنچانے میں ابھی تک اہداف کے حوالے سے مکمل کامیابی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ جانوروں کی صحت اور خوراک کے مسائل کے حل کیلئے بھی نئی جدتیں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ ماہرین کے بتائے گئے طریقے پر عمل کر کے گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ کر کے زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔