کراچی،ملازمت سے نکالنے پر دلبرداشتہ ہوکر 4بچوں کے باپ کی خودکشی

نجی کمپنی نے چار روز قبل ڈاون سائزنگ کرتے ہوئے متوفی کو ملازمت سے نکال دیا تھا

جمعہ 25 اپریل 2025 21:30

کراچی،ملازمت سے نکالنے پر دلبرداشتہ ہوکر 4بچوں کے باپ کی خودکشی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)ملیر میں ملازمت سے نکالنے پر دلبرداشتہ ہونے اور بے روزگاری سے تنگ آکر چار بچوں کے باپ نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کے علاقے ملیر نورانی مسجد کے قریب گھر سے ایک شخص کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا، متوفی کی شناخت 30 سالہ عبدالمتین ولد عبدالمجید کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او ملیر سٹی فراصت شاہ نے بتایا کہ متوفی شخص چار بچوں کا باپ تھا اور گھریلو آلات بنانے والی نجی الیکٹرانک کمپنی میں ملازم کرتھا تھا اور نجی کمپنی نے چار روز قبل ڈاون سائزنگ کرتے ہوئے متوفی کو ملازمت سے نکال دیا تھا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ چار بچوں کا باپ دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور بے روزگاری سے تنگ آکر متوفی نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔