کتاب انسان کو مہذب،باشعور اور با خبر بناتی ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب

ہفتہ 24 مئی 2025 21:29

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے اور یہ علم اور سوچنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائبریری میں ایک چھت کے نیچے ہزاروں کتابیں میسر ہوتی ہیں اور ہر کتاب انسان پر ایک نئی دنیا کے دروازے کھولتی ہے۔ وہ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں میونسپل کمیٹی میں قائم کی گئی چغتائی پبلک لائبریری کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈائریکٹر جنرل سول سروس اکیڈمی لاہورفرحان عزیز خواجہ، سپیشل سیکرٹری جنگلات رانا رضوان قدیر اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراة العین بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ کتاب انسان کو مہذب، باشعور اور باخبر بناتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لائبریری کا ماحول مطالعے کی رغبت پیدا کرتا ہے اس لئے سٹوڈنٹس اور شہری علم کے اس خزانے سے فائدہ اٹھائیں۔

ڈائریکٹر جنرل سول سروس اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے اپنے خطاب میں کہ کہ آج دنیا گلوبل ویلج میں سمٹ چکی ہے اور اس جدید دور میں علم کی بنیاد پر معیشت اور معاشرت تشکیل پاتے ہیں۔انہوں نے لائبریری کے قیام پر چغتائی فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ لائبریری نوجوانوں کو عالمگیریت سے منسلک کرے گی۔ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ قراة العین نے علی پور میں ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔افسران نے اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے لان میں پودے بھی لگائے۔\378

متعلقہ عنوان :