خلیل الرحمن قمر کے خلاف ٹوئٹ کرنا غلطی تھی‘ ماہرہ خان کا اعتراف

ایکس پرٹوئٹ کرنے کے بجائے انہیں فون کرکے شکایت کرتی تو بہتر تھا‘ گفتگو

پیر 26 مئی 2025 17:34

خلیل الرحمن قمر کے خلاف ٹوئٹ کرنا غلطی تھی‘ ماہرہ خان کا اعتراف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء) سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے پانچ سال بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈراما نگار خلیل الرحمن قمر کے خلاف ان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ ان کی غلطی تھی۔ماہرہ خان نے مارچ 2020ء میں خلیل الرحمن قمر کے خلاف سخت ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں سماجی رہنما ماروی سرمد کو ٹی وی اسکرین پر گالیاں دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مارچ 2020ء میں ڈرامہ ساز نے ایک ٹی وی شو میں سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا تھا، جس پر ڈرامہ ساز کو دیگر شخصیات نے بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا۔خلیل الرحمن قمر کی بات پر ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔ماہرہ خان کی اسی ٹوئٹ پر خلیل الرحمن قمر گزشتہ پانچ سال سے متعدد بار اداکارہ کے خلاف بات کر چکے ہیں اور کہ چکیہیں کہ وہ ماہرہ خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ڈرامہ ساز نے یہ بھی کہا تھا کہ اب وہ کبھی ماہرہ خان کے ساتھ کام نہیں کریں گے، نہ ہی انہیں ان کی غلطی معاف کریں گے۔

اور اب پہلی بار ماہرہ خان نے ڈراما ساز کے خلاف کی گئی ٹوئٹ پر اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔اداکارہ نے حال ہی میں احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خلیل الرحمن قمر کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر وہ غلط تھیں، وہ ایک پر ٹوئٹ کرنے کے بجائے ڈرامہ ساز کو فون کرکے شکایت کرتیں تو بہتر تھا۔ماہرہ خان کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کے بجائے خلیل الرحمن قمر کو براہ راست فون کرکے کہتیں، مذکورہ معاملے پر وہ غلط تھیں اور ڈرامہ ساز صحیح تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی والدہ نے بھی سمجھایا کہ وہ ایکس پر ٹوئٹ کرنے کے بجائے خلیل الرحمن قمر کو کال کرکے اپنا شکوہ ریکارڈ کرواتیں۔انہوں نے بتایا کہ والدہ نے انہیں سمجھایا کہ خلیل الرحمن قمر آپ سے عمر میں بڑے ہیں، اگر انہوں نے کچھ غلط کہا ہے تو آپ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے بجائے انہیں خود ذاتی طور پر کہتیں کہ آپ نے غلط کہا۔

اداکارہ نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ وہ اس وقت اپنی فلم ’’نیلو فر ‘‘کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور صبح اٹھنے پر انہوں نے خبریں دیکھیں تو انہیں غصہ آگیا۔ماہرہ خان کے مطابق انہوں نے غصہ آنے پر ٹوئٹ کردی، انہیں یہ بات غلط لگی کہ کوئی کیسے کسی عورت کو ٹی وی پر گالیاں دے سکتا ہی ۔اگرچہ ماہرہ خان نے خلیل الرحمن قمر کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا، تاہم انہوں نے ڈراما ساز سے معافی نہیں مانگی۔